تلاشی لینا ہمارے لئے کوئی نئی بات نہیں، میں مشرف دورسے تلاشی دیتا آرہا ہوں،حمزہ شہبازشریف

حساب مانگنے والوں سے کہنا چاہتا ہو ہم نے تو کبھی حساب نہیں مانگا،میرا دادا ایک مزدور تھا اور مجھے اس بات پر فخرہے کہ میں مزدور کا پوتا ہوں ، ورکرز کنونشن سے خطاب

ہفتہ 4 فروری 2017 13:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4فروری۔2017ء )پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما اور ایم این اے حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ میں حساب مانگنے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم نے تو کبھی حساب نہیں مانگا۔ میرا دادا ایک مزدور تھا اور مجھے اس بات پر فخرہے کہ میں مزدور کا پوتا ہوں۔ تلاشی لینا ہمارے لئے کوئی نئی بات نہیں۔ میں مشرف دورسے تلاشی دیتا آرہا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے زیر اہتمام الحمرا کلچرل کمپلیکس میں منعقد ایک ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، پاکستان مسلم لیگ لاہور کے صدر پرویز ملک، صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بھی خطاب کیا۔حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پیچھے قربانیوں کی داستان ہے۔

(جاری ہے)

نوازشریف کارکنوں کے بغیر نامکمل ہیں۔ میں کارکنوں کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے اپنی ماضی کے کاروبار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ستر کی دہائی میں اتفاق فاؤنڈری ایشیاء کا سب سے بڑا ادارہ تھا۔ جسے ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔ لیکن اس کے بعد شریف خاندان نے اپنی محنت سے تین فیکٹریاں لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہوش کے ناخن لو اورکتنے ڈھونگ رچاؤ گے۔

آپ لوگوں کی خدمت کرو۔ گالیاں دینے سے راتوں رات ہاتھ پہ وزیراعظم کی لکیرنہیں بن جاتی۔ وزیراعظم بننے کے لئے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف چینلوں پر روزانہ حساب کتاب کا تماشا لگارہتا ہے۔ آج اگر آپ کو مروڑ اٹھ رہا ہے کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہوگئے تو ہماری باری کب آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ جب اللہ نے چاہا تو آپ کی باری آجائے گی لیکن پاکستان کی ترقی کی باری آنے دو۔

حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کا مضبوط ستون ہیں۔ ہم ان اداروں کی آبیاری کریں گے۔ لوگوں کے پیٹ الزام تراشی سے نہیں بھرتے بلکہ نوازشریف لوگوں کی خدمت کرکے ان کا پیٹ بھررہے ہیں ورکرز کنونشن سے دیگر مقررین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف صرف اس ملک کے وزیراعظم نہیں وہ ایک قومی لیڈر ہیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو جو اللہ کو پیاری ہوچکی ہیں ملک کی لیڈر تھیں دوسرا قومی لیڈر نوازشریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ گولی کا راج ہم نہیں مانیں گے۔ تبدیلی ووٹ سے آئے گی۔ ووٹ سے جائے گی اور پھر دوبارہ ووٹ سے آئیں گے۔ اس موقع پر ایم این اے شائستہ پرویز ملک نے وزیراعظم نوازشریف پر اعتماد حاصل کرنے کے لئے ورکرز کنونشن میں ایک قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ پی ایم ایل (ن) کا یہ ورکرزکنونشن اپنے قائدنوازشریف کی حب الوطنی پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے اور ہم سب پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے سفر میں ان کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ عنوان :