لاہور ہائیکورٹ ، خواجہ سراوٴں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی دائر درخواست حکومتی یقین دہانی کی بعد نمٹا دی گئی

منگل 10 جنوری 2017 13:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جنوری۔2017ء ) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے خواجہ سراوٴں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے دائر درخواست حکومتی یقین دہانی کی روشنی میں نمٹا دی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے وفاقی حکومت کی جانب سے کہا ہے کہ قومی شناختی کارڈ میں خواجہ سراوں کی جنس کا خانہ بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

درخواست گزارخواجہ سراء وقار کے وکیل شیراز ذکاء ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ سرا بھی دیگر شہریوں کی طرح ملک میں برابر کے شہری ہیں لیکن ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں کیا جارہا. انہوں نے بتایا کہ خواجہ سراوں کو مردم شماری میں شمار نہیں کیا جاتا جبکہ قومی شناختی کارڈ میں خواجہ سراوٴں کی جنس کے متعلق کوئی خانہ موجود نہیں ۔ڈپی اٹارنی جنرل نے وفاقی حکومت کا جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ مردم شماری میں خواجہ سراوں کو شمار کرنے سے متعلق اقدامات کئے جا رہے ہیں۔نادرا کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ قومی شناختی کارڈ میں خواجہ سراوں کی جنس کا خانہ بنایا جائے گا۔جس پرعدالت نے درخواست نمٹا دی۔

متعلقہ عنوان :