او پی سی کی کوششوں سے اوورسیز پاکستانی کو 30 سال بعد وراثتی زمین کا قبضہ واپس مل گیا

ندیم ملک کی ایک کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کی ایک کنال 16 مرلہ اراضی پر اس کا کزن قابض تھا، افضال بھٹی او پی سی کا شکر گزار ہوں، اس کی وجہ سے مجھے ایک پیسہ خرچ کئے بغیر اپنی اراضی واپس مل گئی ہے، ندیم ملک

منگل 3 جنوری 2017 10:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جنوری۔2017ء ) اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی)پنجاب کی کاوشوں سے امریکہ میں مقیم اوورسیز پاکستانی کو اس کی ایک کنا ل 16مرلہ وراثتی اراضی کا قبضہ 30سال بعد واپس مل گیا ہے۔اس اراضی کی قیمت ایک کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔ کمشنر او پی سی افضال بھٹی نے اس ضمن میں بتایا کہ امریکہ کے شہر وڈبرج، ورجینیا میں مقیم ندیم ملک نے کمیشن کو شکایت کی کہ اس کے کزن خلیل نے اس کی وراثتی اراضی پر گزشتہ 30سال سے قبضہ کر رکھا ہے اور زمین کی واپسی کے حوالے سے کی جانے والی کوششیں مسلسل ناکام ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

افضال بھٹی نے بتایا کہ کمیشن نے یہ معاملہ ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی شیخوپورہ کو ریفر کیا جس کی مسلسل کوششوں سے زمین کا قبضہ اس کے اصل مالک کو واپس دلادیا گیا۔ زمین کا قبضہ حاصل کرنے کے بعد ندیم ملک نے او پی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے ایک پیسہ خرچ کئے بغیر اپنی وراثتی زمین 30سال بعد واپس مل گئی ہے۔ افضال بھٹی نے مزید کہا کہ او پی سی سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اوورسیز پاکستانی اپنی مشکلات کے ازالے کے لیے کسی بھی وقت ادارے سے رجوع کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :