وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،شاہی قلعہ کو رات کے وقت لائٹس سے روشن کرنے کا فیصلہ

شاہی قلعہ کو روشن کرنے کے اقدام سے اس کی دلکشی میں اضافہ ہوگااور سیاحوں کی آمد بڑھے گی گریٹر اقبال پراجیکٹ ،شاہی قلعہ، حضوری باغ، بادشاہی مسجد کیلئے علیحدہ اتھارٹی کے قیام کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

منگل 3 جنوری 2017 10:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جنوری۔2017ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت گریٹر اقبال پراجیکٹ کے امو رکا جائزہ لینے سے متعلق پیر کو یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقدہوا،جس میں شاہی قلعہ کو رات کے وقت لائٹس سے روشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہی قلعہ کو رات کے وقت خوبصورت لائٹس کے ساتھ روشن کرنے کیلئے فی الفور کام شروع کیا جائے اورشاہی قلعہ کو روشن کرنے کا کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

اس اقدام سے جہاں رات کے وقت قلعہ کی دلکشی میں اضافہ ہوگا وہاں سیاحوں کی آمدبھی بڑھے گی ۔ وزیراعلیٰ نے گریٹر اقبال پراجیکٹ ،شاہی قلعہ، حضوری باغ، بادشاہی مسجد اور وہاں موجود دیگر تاریخی مقامات کیلئے علیحدہ اتھارٹی کے قیام کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے جلد حتمی سفارشات پیش کرے گی اوراتھارٹی کے قانونی و انتظامی ڈھانچے کی تشکیل کیلئے اقدامات تجویز کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک اور دیگر تاریخی مقامات کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات کئے جائیں۔گریٹر اقبال پارک میں فوڈ کورٹس اور کنٹینزکو آؤٹ سورس کرنے کا کام جلد مکمل کیا جائے اورگریٹر اقبال پارک کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائے گئے پارک میں صفائی کے انتظامات بھی معیاری ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک تاریخی اور سیاحتی مقام ہے۔اس پارک میں بنایا جانے والا نیشنل ہیروز میوزیم تحریک پاکستان میں عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرے گا۔گریٹر اقبال پارک پاکستان کا منصوبہ ہے اوریہ اس تاریخی جدوجہد کی یاد تازہ کرتا ہے جس کیلئے برصغیر کے مسلمانوں نے بے پناہ قربانیاں دیں۔ اس پارک نے لاہور شہر کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔صوبائی وزراء سید ہارون سلطان بخاری، بلال یاسین، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان، انسپکٹر جنرل پولیس، لارڈ میئر لاہور، سیکرٹری قانون، ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی، وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :