وزیراعظم نے تمام سیاسی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے اقتصادی راہداری منصوبہ ..
تازہ ترین : 1

وزیراعظم نے تمام سیاسی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے اقتصادی راہداری منصوبہ پوری قوم کا ہے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سمیت پورے ملک کے عوام مستفید ہوں گے، احسن اقبال ،حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ 48 ارب روپے سے بڑھا کر 78 ارب روپے کر دیا ہے،جب حکومت سنبھالی اس وقت پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 6 ارب ڈالر کی کم ترین سطح پر پہنچ چکے تھے جو اب 21 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، جلد پاکستان برانڈ کانفرنس منعقد کرائی جائے گی جس سے پاکستانی برانڈز کو متعارف کرانے میں مدد ملے گی، وفاقی وزیرکا ”پاکستان کوٹنگ شو 2016ء“ کے موقع پر تقریب سے خطاب

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 17جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ و ریفارمز انجینئراحسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے تمام سیاسی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پوری قوم کا منصوبہ ہے جس سے صوبہ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان سمیت پورے ملک کے عوام کواس کی ترقی اور ثمرات حاصل ہوں گے، حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ 48 ارب روپے سے بڑھا کر 78 ارب روپے کر دیا ہے تاکہ نوجوان بہتر تعلیم حاصل کر کے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں، جب حکومت سنبھالی اس وقت پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 6ارب ڈالر کی کم ترین سطح پر آ چکے تھے جو اب 21ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، جلد پاکستان برانڈ کانفرنس منعقد کرائی جائے گی جس سے پاکستان کے برانڈز کو متعارف کروانے میں مدد ملے گی۔

وہ ہفتہ کے روز ایکسپو سنٹر میں برائٹو پینٹ اور بن رشید گروپ کے زیر اہتمام ”پاکستان کوٹنگ شو 2016ء“ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 2016ء کو ملک میں پیداواری صلاحیت، معیار اور جدت کا سال قرار دے کر ہم ترقی کے منازل طے کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس ملک کے پاس مضبوط اقتصادی ترقی کا بہترین نسخہ ہوگا وہی ترقی کرے گا ،محض سیاسی نعروں سے کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے پاس سب سے بڑی طاقت نوجوانوں کی تعلیم اور سکلز ہیں جو ہماری معیشت کو چار چاند لگا سکتے ہیں  حکومت نوجوانوں کو بہتر تعلیم دینے پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ 48 ارب روپے سے بڑھا کر78 ارب روپے کر دیا ہے تا کہ نوجوان بہتر تعلیم حاصل کر کے ملک کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دوسال قبل جب مسلم لیگ (ن) نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی تو دنیا پاکستان کو دیوالیہ قرار دے رہی تھی مبصرین کا کہنا تھا کہ خزانہ خالی ہو چکا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے منشور میں متعدد وعدوں کی تکمیل درج تھی۔انہوں نے کہا کہ ہماری نیتوں کے خزانے بھرے ہوئے ہیں اور اب بین الاقوامی میڈیا پاکستان کو نئی ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہاہے جو کہ واضح تبدیلی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 6ارب ڈالر کی کم ترین سطح پر پہنچ چکے تھے جو اب 21ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ اللہ تعالی کی طرف سے تحفہ ہے جس کی کامیابی سے خطے میں انقلاب برپا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ سے بیرونی مارکیٹ کو ریسرچ کرنے کا موقع ملے گا۔بزنس سیکٹر انڈسٹری کے لیول پر ادارے بنائیں گے او ر انڈسٹری کی ضروریات پوری کر کے بیرونی مارکیٹ کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان کو جغرافیائی لحاظ سے خصوصی اہمیت حاصل ہے۔سی پیک منصوبے سے نئی آبادی کا بلاک تشکیل پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے تمام سیاسی رہنماؤں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پوری قوم کامنصوبہ ہے جس سے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے لوگ اس کی ترقی اور ثمرات میں پیش پیش ہوں گے۔

اس منصوبہ سے برآمدات میں اضافہ اور ملکی معیشت میں استحکام آئے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا ٹاک شوز کے ذریعے مایوسی پھیلانے کی بجائے عوام میں امید کی نئی کرنوں کو اجاگر کر ے ۔انہوں نے کہا کہ کاروبار کے اندر مسلسل محنت  جدوجہد اور ریسرچ کامیا بی کی کنجیاں ہیں ۔ ہمیں عالمی مقابلے کے لئے تیاری کرناہے اورپاکستانی مصنوعات کے معیار کو اونچا لے کر جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلد پاکستان برانڈ کانفرنس منعقد کرائی جائے گی جس میں پاکستان برانڈز کو متعارف کروانے میں مدد ملے گی۔وژن2025ء کے ا ہداف کو مد نظر رکھتے ہوئے اقتصادی راہداری کے ذریعے اپنی برآمدات میں اضافہ کر کے پاکستان کو دنیا کی پہلی 25معیشتوں میں شامل کرنا ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر احسن اقبال نے نمائش کے دوسرے روز مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور کہا کہ نمائش میں شرکاء اور انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز کی بھرپور شرکت دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے اور یہ نمائش ملک میں کوٹنگ انڈسٹری کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔

وفاقی وزیر نے نمائش کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ نہ صرف متعلقہ شعبوں کی ترقی بلکہ ملکی معیشت کے فروغ میں بھی اہم سنگ میل ثابت ہوتے ہیں۔ گزشتہ تین دہائیوں سے بن رشید گروپ انتہائی تربیت یافتہ پروفیشنلز کی ٹیم کی حیثیت سے پلاسٹک انڈسٹری کی ترقی و فروغ کیلئے خام مال کی وسیع ورائٹی کی مارکیٹنگ کیلئے اپنی تحقیق اور مہارت کی بناء پر اہم کردار ادا کررہا ہے۔بعد ازاں وفاقی وزیر نے شو میں شرکت کرنے والوں میں سوینئر تقسیم کئے۔

وقت اشاعت : 17/01/2016 - 04:28:52

اپنی رائے کا اظہار کریں