تحریک انصاف پارٹی الیکشن:چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی نے صوبائی اور ضلعی تنظیمیں تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،عمران خان کا تحریک انصاف کے دوسرے انٹرا پارٹی الیکشن کا اعلان، پارٹی الیکشن پینل سسٹم کی بجائے تحصیل ضلع ریجن صوبے اور مرکزی کی سطح پر براہ راست ہونگے ،پہلے انٹرا پارٹی الیکشن میں گروپ بندیوں نے عام انتخابات میں نقصان پہنچایا ہے،جمہوریت کے تسلسل کیلئے خود احتسابی اور میرٹ ضروری ہے مغرب اسی وجہ سے اسلامی ممالک سے بہت آگے جاچکا ہے،آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں الیکشن کمیشن اور دیگر ادارے پی ٹی آئی کا ساتھ دیں، پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 16 جنوری 2016 09:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16جنوری۔2016ء) تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات کے لیے پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی نے تحریک انصاف کی تمام مرکزی ، صوبائی اور ضلعی تنظمیں تحلیل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا جس کے تحت نیشنل ایڈوائزری کونسل اور انصاف اسٹوڈنٹس سمیت پارٹی کے تمام ونگ بھی تحلیل کر دیئے گئے ہیں تاہم اس نوٹیفکیشن کا اطلاق چیئرمین تحریک انصاف ، سیکرٹری مالیات اور سیکرٹری اطلاعات پر نہیں ہو گا۔

پارٹی کے انتخابی عمل کی تکمیل تک پارٹی کے تمام امور چیف الیکشن کمشنر ، الیکشن کمیشن اور الیکشن کوآرڈینیٹر دیکھیں گے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق انٹر پارٹی انتخابات تک پارٹی کے جلسے جلوس اور دیگر سرگرمیاں کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم چیئرمین کو کہا گیا ہے کہ ناگزیر انتخابی سرگرمیوں کے لیے وہ جماعتی انتخابات میں حصہ نہ لینے والے ارکان کی خدمات لے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پارٹی انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا باضابطہ اآغاز چیئرمین عمران خان کریں گے جبکہ رکن سازی کی مہم ختم ہونے پر انتخابی شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جعلی ووٹوں کا اندراج کرانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ادھرپاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان نے اپنی جماعت کے دوسرے انٹرا پارٹی الیکشن کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پارٹی الیکشن پینل سسٹم کی بجائے تحصیل ضلع ریجن صوبے اور مرکزی کی سطح پر براہ راست ہونگے ،پہلے انٹرا پارٹی الیکشن میں گروپ بندیوں نے عام انتخابات میں نقصان پہنچایا ہے ،جمہوریت کے تسلسل کیلئے خود احتسابی اور میرٹ بہت ضروری ہے مغرب اسی وجہ سے اسلامی ممالک سے بہت آگے جاچکا ہے ،آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں الیکشن کمیشن اور دیگر ادارے پی ٹی آئی کا ساتھ دیں ان خیالات کا اظہارانہوں نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ان کے ہمراہ پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی اور کمیشن کے دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔

عمران خان نے کہاکہ پارٹی کے دوسرے انٹر اپارٹی الیکشن کی تمام تر ذمہ داریاں الیکشن کمیشن پوری کرے گا اور اسی مقصد کیلئے گذشتہ روز تمام تنظیمیں تحلیل کر دی گئیں ہیں تاکہ الیکشن کمیشن آزادانہ طور پر اپنا کام کر سکے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوری نظام اس صورت میں مظبوط ہوسکتا ہے جب سیاسی پارٹیاں اپنے اندر بھی جمہوری روایات قائم کریں انہوں نے کہاکہ پہلے انٹرا پارٹی الیکشن کے موقع پر بھی پارٹی کے عہدیداروں نے الیکشن کی مخالفت اس بنیاد پر کی تھی کہ اس سے پارٹی میں گروپ بندیاں پیدا ہوجائیں گی جس پر پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے انہوں نے کہاکہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے ہم نے شفاف انداز میں انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں اس وقت پارٹی کی ممبر شپ جاری ہے اور تمام ممبر شپ موبائل فون کے زریعے کی جائے گی انہوں نے کہاکہ پارٹی کے چیرمین ،مرکزی فنانس سیکرٹری اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے تحلیل نہیں کئے گئے ہیں اور اسی طرح آزادی کشمیر بلوچستان اور گلگت بلتستان کی تنظیمیں بھی بدستور کام کر رہی ہیں پارٹی کے تمام عہدیداروں کی نامزدگی براہ راست ووٹنگ سے ہوگی اور کسی قسم کے پینل نہیں بنائیں جائیں گے انہوں نے کہاکہ انٹرا پارٹی الیکشن سیاسی جماعتوں کی آئینی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے الیکشن کمیشن سمیت دیگر اداروں کو تعاؤن بہت ضروری ہے انہوں نے کہاکہ اس وقت ہمارے ساتھ کوئی تعاؤن نہیں کیا جارہا ہے مگر مجھے امید ہے کہ مستقبل میں الیکشن کمیشن اور دیگر ادارے ہمارے ساتھ تعاؤن کریں گے۔