زونگ کی اپنے صارفین کیلئے نئی ”ٹیکس فری“ آفر متعارف

ہفتہ 9 جنوری 2016 09:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8جنوری۔2016ء )ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی زونگ نے اپنے صارفین کو خوشگوار ماضی کی ایک بار پھر یاد دلا دی ہے کیونکہ اب کمپنی کے صارفین کو 100 روپے کا ریچارج کرنے پر پورے 100 روپے کا بیلنس ہی فراہم کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں موبائل صارفین کئی سالوں سے کارڈ ریچارج کرنے پر ٹیکس ادا کر رہے جس میں بتدریج اضافہ ہوتا رہا اور اب 100 روپے کا کارڈ لوڈ کرنے پر صارفین کو صرف 75.77 روپے ہی ملتے ہیں لیکن زونگ نے ”پورا بیلنس“ آفر کے تحت اپنے صارفین کو 100 روپے کا کارچ لوڈ کرنے پر 100 روپے کا بیلنس ہی مہیا کرنا شروع کر دیا ہے اور اس کا مطلب ہے کہ کارڈ ریچارج کرنے پر جو ٹیکس صارفین ادا کرتے ہیں وہ اب کمپنی خود برداشت کرے گی۔

لیکن یہ آفر صرف زونگ کے نئے صارفین کیلئے ہے جنہیں یکم جنوری سے پورا بیلنس فراہم کیا جا رہا ہے اور وہ 31 جنوری 2016ء تک اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

اس نئی سہولت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے زونگ کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر زینگ پینگ نے کہا کہ ” پورا بیلنس آفر زونگ کے صارفین کیلئے یقینا ایک بہترین سہولت ہے اور جتنا بھی ممکن ہو گا ہم اپنے صارفین کو اس طرح کی بہترین سہولیات فراہم کرتے رہیں گے“۔

زونگ کے تمام پری پیڈ صارفین منی لوڈ، ای ٹاپ اپس اور کارڈ ریچارج کرنے پر اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔ کمپنی کے مطابق اس آفر کا مقصد نئے صارفین کو پورا بیلنس دے کر مطمئن کرنا ہے جو کہ پاکستان میں کوئی اور کمپنی نہیں کر پا رہی اور امید کی جا رہی ہے اور اس آفر کے بعد زونگ کے پرانے اور مخلص صارفین کیلئے بھی کوئی نہ کوئی آفر جلد ہی متعارف کرائی جائے گی۔