ملتان میں انضمام الحق کی سرپرستی میں قائم ہونے والی کرکٹ اکیڈمی کی افتتاحی تقریب،وقار یونس، محمد اکرم اور مشتاق احمد سمیت وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے بھی شرکت کی،ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم فیورٹ نہیں لیکن عالمی کپ میں کامیابی حاصل کرے گی، وقار یونس ، ورلڈ کپ میں شاہد آفریدی اور مصباح سے بہت سی امیدیں ہیں، موجودہ ٹیم میں نئے اور پرانے کھلاڑیوں کا حسین امتزاج ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرے گا، تقریب سے خطاب ، ملتان کی طرزپر لاہور ریجن میں بھی کرکٹ اکیڈمی بنانے کا ارادہ ہے ، انضمام الحق

اتوار 18 جنوری 2015 08:37

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جنوری۔2015ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم فیورٹ نہیں لیکن عالمی کپ میں کامیابی حاصل کرے گی۔لاہور میں انضمام الحق اکیڈمی کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ میں شاہد آفریدی اور مصباح سے بہت سی امیدیں ہیں، موجودہ ٹیم میں نئے اور پرانے کھلاڑیوں کا حسین امتزاج ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرے گا۔

ملتان میں انضمام الحق کی سرپرستی میں قائم ہونے والی کرکٹ اکیڈمی کی افتتاحی تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں وقار یونس، محمد اکرم اور مشتاق احمد سمیت وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے بھی شرکت کی۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ اچھے ٹیم ورک کیلئے کھلاڑیوں میں اتحاد و اتفاق ہونا بہت ضروری ہے، فاسٹ باوٴلرز کی انجری کی وجہ سے مشکلات تو ہیں لیکن نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ تجربہ کار کھلاڑیوں کی رہنمائی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کے لیے ہم نے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا ہے اور فتح کے لیے ورلڈ کپ تک کھلاڑیوں کے فٹنس لیول میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔وقاریونس نے ملتان میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئیکہا کہ ایسی اکیڈمیز کا قیام گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کو پنپنے کا موقع فراہم کرے گا۔میڈیا سے گفتگو میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ وہ ملتان کی طرزپر لاہور ریجن میں بھی کرکٹ اکیڈمی بنانیکاارادہ رکھتے ہیں۔

ان کاکہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں ابھی تک پاکستان نے ہندوستان کو شکست نہیں دی اور دعا ہے کہ اس مرتبہ فتح گرین شرٹس کے قدم چومے۔14 فروری سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کی چودہ ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گی۔گروپ اے میں انگلینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ، افغانستان اور سکاٹ لینڈ جبکہ گروپ بی میں پاکستان، دفاعی چیمپیئن ہندوستان، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، زمبابوے، آئرلینڈ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔پاکستان گروپ میں اپنا پہلا اور سب سے اہم میچ روایتی حریف ہندوستان کے خلاف 15 فروری کو کھیلے گا۔