طلبا و طالبات کو این سی اے کی ٹریننگ شروع کردی گئی ہے،صوبائی وزیر سماجی بہبود،سکولوں کے سیکورٹی گارڈ ز کو اسلحہ کے لائسینس جاری کرنے کے احکامات حکومت پنجاب نے جاری کردیے ہیں، سکولوں میں قائم آئی ٹی لیب کا آئی ٹی سپیشلسٹ معائنہ کریں گے، ہارون احمد سلطان بخاری

ہفتہ 17 جنوری 2015 08:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء)صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید ہارون احمد سلطان بخاری نے سکیورٹی کی اپ ڈیٹ صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے مختلف تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے نونہالوں کو تعلیمی اداروں میں بحفاظت علم کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

پشاور کے واقعہ کے بعد حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں طلباو طالبات کے تحفظ کے لیے جو ہدایات جاری کی ہیں ان پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے بصورت دیگر ضلعی انتظامیہ سکیورٹی کی غیرتسلی بخش صورتحال پرمتعلقہ ادارے کے سربراہ کے خلاف سخت ترین تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نونہالوں کے جانوں کے تحفظ کے سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے بتایا کہ سکول میں صبح اور چھٹی کے وقت سیکورٹی انتہائی سخت ہوگی ۔ان اوقات میں پولیس کی موبائل فورس بھی سکولوں کے پاس موجود رہے گی ۔انہوں نے اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سو فیصد عمل کرتے ہوئے اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں سیکورٹی اقدامات کو مزید سخت کردیں۔

انہوں نے بتایا کہ طلبا و طالبات کو این سی اے کی ٹریننگ شروع کردی گئی ہے۔سکولوں کے سیکورٹی گارڈ ز کو اسلحہ کے لائسینس جاری کرنے کے احکامات حکومت پنجاب نے جاری کردیے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ سکولوں میں قائم آئی ٹی لیب کا آئی ٹی سپیشلٹ معائنہ کریں گے تاکہ وہاں پر موجود سی سی وی ٹی کیمروں کو انٹرنیٹ کے ساتھ منسلک کرکے سیکورٹی حالات پر نظر رکھی جاسکے۔

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی اقدامات کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات بارے بتایاکہ ضلع بھر کے سرکاری ، نیم سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں حکومتی ہدایات پر کئے جانے والے حفاظتی اقدامات ، گارڈز کی تعیناتی، میٹل ڈی ٹیکٹر کی فراہمی اور کلاس رومز کے باہر ایمرجنسی نمبرز نمایاں آویزاں کرنے اور دیگر حفاظتی اقدامات مکمل ہیں۔

متعلقہ عنوان :