سیاسی قوتوں کو معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں،گورنر پنجاب ، ہمیں اپنے ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے لئے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کرآگے بڑھنا ہوگا،میڈیا سے گفتگو

منگل 13 جنوری 2015 08:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13جنوری۔2015ء)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سیاسی قوتوں کو معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت دہشت گردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ ہمیں اپنے ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے لئے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کرآگے بڑھنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے یہاں میو ہسپتال لاہور میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں امن و امان کا قیام، دہشت گردی کا خاتمہ اور ہر شہری کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے موجودہ حکومت اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کے ساتھ ساتھ پاکستانی قوم بھی قربانیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ بہت جلد ہم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے ہسپتال مریضوں سے بھرے پڑے ہیں جس کا بڑا سبب پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی بطور گورنر میری ترجیحات میں شامل ہیں۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گزشتہ روز ایچی سن کالج لاہور کا دورہ کیا۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران سکیورٹی انتظامات کا مکمل جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ایچی سن کالج کی سکیورٹی کو مزید فول پروف بنایا جائے ۔کالج 19جنوری کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :