خدانخواستہ دوبارہ کسی سکول یابچے کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکمران ہونگے، طاہر القادری،آرمی پبلک سکول پشاور کے جرات مند غازی بچو! قوم آپکے ساتھ اورآپ ہمارا مستقبل ہیں ،ڈسٹرکٹ بارز لاہور،پریس کلب اور پی ایف یو جے کے نو منتخب صدور کو مبارکباد،ٹیلی فونک گفتگو

پیر 12 جنوری 2015 06:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جنوری۔2015ء)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ آج تعلیمی ادارے کھل رہے ہیں ۔ایک ایک سکول اور بچے کی حفاظت حکمرانوں کی ذمہ داری ہے،خدانخواستہ دوبارہ کسی سکول یا بچے کو نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکمران ہونگے ،انہوں نے آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ”جرات مند اور غازی بچو! قوم آپ کے عزم،جذبہ اور جرات کو سلام پیش کرتی ہے،آپ ہمارا مستقبل ہو،آج اس عزم کے ساتھ مادر علمی میں قدم رکھو کہ پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک اور امن کا گہوارہ بنا کر اپنے شہید طالبعلم ساتھیوں کی شہادت کا بدلہ لیں گے“ ۔

انہوں نے مرکزی میڈیا سیل سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کے سیاسی منصوبوں کے اعلانات کی بجائے عوام کے جان و مال کی حفاظت پر توجہ دی جائے ،اس وقت قوم اپنے جان و مال کی حفاظت کیلئے فکر مند ہے اور حکمران ان نازک لمحات میں بھی سیاست چمکانے سے باز نہیں آ رہے ،افسوس ان حکمرانوں کے پاس سکولوں کی حفاظت،چاردیواری،بجلی،پانی اور واش روم دینے کیلئے تو وسائل نہیں لیکن ٹیکسیوں،میٹرو بسوں،فلائی اوورز کیلئے بے اندازہ وسائل ہیں ۔

(جاری ہے)

سربراہ عوامی تحریک نے ڈسٹرکٹ بارز،لاہور پریس کلب،پی ایف یو جے کے نو منتخب صدور کو مبارکباد دی اور کہا کہ صحافی اور وکلاء عوام کے جج اور جمہوریت کے وکیل ہیں ۔گرمی ہو یا سردی ملک حالت امن میں ہو یا حالت جنگ میں صحافی اور وکیل وقت مقرر پر انتخابات منعقد کر کے اپنی جمہوریت پسندی کا ہر سال قابل فخر اور قابل تقلید مظاہرہ کرتے ہیں ،حکمران وکلاء اور صحافیوں سے جمہوری اقدار کا سبق لیں۔