دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتنے کے لئے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ‘ آرمی چیف ،انتہا پسندی اور دہشتگردی کو ہر قیمت پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، ناکامی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،تمام انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ہم آہنگی ہی دہشتگردی کیخلاف کامیابی ہے ،قومی قیادت کا دہشتگردوں کیخلاف عزم قابل ستائش ہے ،قومی قیادت کے غیر متزلزل عزم سے فورسز کا عزم مزید بڑھے گا ،جنرل راحیل شریف کا دہشتگردی کیخلاف قومی ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کیلئے پنجاب اپیکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب،صوبے سے دہشتگردی کے خاتمے کا مکمل اعادہ کیا ہوا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کے لئے پاک فوج کیساتھ ہیں‘ وزیر اعلیٰ شہباز شریف،اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی ‘ پنجاب بھر کے کور کمانڈرز اور صوبائی حکومت کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے ،صوبے کی داخلی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا

اتوار 4 جنوری 2015 10:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جنوری۔2015ء) دہشتگردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کیلئے پنجاب اپیکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس کور ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ‘وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ‘ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر ‘ پنجاب کے کور کمانڈرز اور صوبائی حکومت کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے ۔

اجلاس میں صوبے میں امن وامان اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق پر غور کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے چاروں صوبوں میں اعلی سویلین اور فوجی عہدیداروں پر مشتمل اپیکس کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں جن کا مقصد فوج اور حکومت میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے ۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہدہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ،ہم انتہا پسندی اور دہشتگردی کو ہر قیمت پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، اس میں ناکامی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

تمام انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ہم آہنگی ہی دہشت گردی کے خلاف کامیابی ہے، عوام، انٹیلی جنس اور دیگر فورسز کی کوششوں سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو تیزعدالتی کارروائی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز اے پی سی میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قومی قیادت کا عہد طاقت کا باعث ہوگا جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ہم انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ہر قیمت پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ قومی قیادت کا دہشتگردوں کے خلاف عزم قابل ستائش ہے ،قومی قیادت کے غیر متزلزل عزم سے فورسز کا عزم مزید بڑھے گا ۔انہوں نے کہا کہ برائی کی ہر قوت پاکستان کی سر زمین سے ختم کر دیں گے۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے کا مکمل اعادہ کیا ہوا ہے، مشترکہ سکیورٹی پلان کے ذریعے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے اور ہم دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کے لئے پاک فوج کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ منصوبے پر عملدرآمدکے لئے قواعد و ضوابط اور حدود و قیود کا ہونا ضروری ہے۔سرکاری ٹی وی کے مطابق اجلاس میں صوبہ پنجاب کی داخلی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔جبکہ آرمی چیف نے صوبائی حکومت کو دہشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی کی یقین دہانی بھی کرائی ۔