تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں، شہبازشریف،رحیم یار خان میں یونیورسٹی اور کیڈٹ کالج قائم کئے جائیں گے‘ جنوبی پنجاب کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے،حکومت کبڈی کے فروغ اور صادق آباد جناح اسٹیڈیم کی ترقی کے لئے ہر قسم کامالی و انتظامی تعاون کرے گی، وزیراعلیٰ کا صادق آباد میں دوسرے نشان حیدر کبڈی ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

پیر 27 جنوری 2014 08:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جنوری۔2014ء)و زیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ رحیم یار خان میں یو نیورسٹی اور کیڈٹ کالج قائم کئے جائیں گے۔ نئی یو نیورسٹی کے قیام پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائیگا جبکہ کیڈٹ کالج کے قیام کا منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہو گا۔جنوبی پنجاب اور رحیم یار خان کے عوام نے عام انتخابات میں ہم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں اور ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صادق آباد جناح میونسپل اسٹیڈیم میں پاکستان آرمی کے زیر اہتمام دوسرے نشان حیدر کبڈی ٹورنامنٹ کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔تقریب میں کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی،صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق اور دیگر اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان آرمی اور پاک فضائیہ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں پاک فضائیہ نے فتح حاصل کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کبڈی کے شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت پنجاب کبڈی کے کھیل کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی اور اس حوالے پیش کی جانے والے قابل عمل اور ٹھوس تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کبڈی کے کھیل کو اس کی بھرپور سپورٹس مین سپرٹ کی وجہ سے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

ہر کھیل میں ایک فریق نے جیتنا اور دوسرے نے ہارنا ہوتا ہے۔ فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بہترین اور عمدہ کھیل پیش کیا جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے جہاں سپورٹس مین سپرٹ اور صحتمندانہ سر گرمیاں اجاگر ہوتی ہیں وہاں لوگوں میں باہمی محبت اور پیار کی فضا بھی پروان چڑھتی ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے یقین دلایا کہ کھیلوں کی ترقی اور صادق آباد جناح اسٹٹیڈیم کی ترقی کے لئے حکومت پنجاب ہر قسم کی مالی اور انتظامی امداد فراہم کریگی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر جیتنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب جنا ح اسٹیڈیم پہنچے تو دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا ان سے تعارف کروایا گیا۔وقفے کے دوران علاقائی جھومر اور اونٹ ناچ کا مظاہرہ کیا گیا اس کے علاوہ آرمی بینڈ نے بھی خوبصورت دھنیں پیش کیں۔کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری چوہدری محمد سرور نے بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ گزشتہ سال شروع کرایا گیا تھا اور اس سال ملک بھر سے 9 ٹیموں نے اس میں حصہ لیا جس میں پاکستان آرمی ،ائیر فورس، واپڈا، پولیس، سوئی گیس، ہائیر ایجو کیشن، پنجاب‘ خیبرپختونخوا اور اسلام آباد شامل ہیں ،ٹورنا منٹ میں پاکستان آرمی کے ٹیم رنر اپ رہی جبکہ واپڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

جناح سٹیڈیم کواس موقع پر خوبصورت‘ رنگ برنگی جھنڈیوں اور غباروں سے سجایا گیا تھا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل کو دیکھنے کیلئے ہزاروں شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :