پنجاب روزگار بنک سے لاکھوں نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے دیں گے،شہبازشریف،عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا اور محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے،مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت، جب بھی اقتدار ملا عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے،ملک کو معاشی طور پر مضبوط کیا،ایک بار پھر الله تعالیٰ نے خدمت خلق کا موقع دیا ہے، مایوس نہیں کریں گے، عوام سے کئے وعدے پورے کریں گے،پنجاب حکومت کے ترقیاتی و فلاحی پروگراموں سے لاکھوں لوگ مستفید ہورہے ، عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے، مسلم لیگی عہدیداروں اور کارکنوں کے وفد سے گفتگو

پیر 20 جنوری 2014 05:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جنوری۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب روز گار بنک کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے- پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جاندار اقتصادی پالیسیوں،ٹھوس معاشی وژن اور مخلصانہ اقدامات کی بدولت وطن عزیز پر چھائے غربت، بیروزگاری، جہالت اوربجلی کے اندھیرے دور ہوں گے- وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں حکومت توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے، حکومت کی سنجیدہ اور مخلصانہ کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی اورانشاء الله ملک و قوم کو بحرانوں سے نجات ملے گی- عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانا اور محروم معیشت طبقات کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہمارا ایجنڈا ہے جس پر عمل کرتے ہوئے نجی شعبہ کے اشتراک سے معاشی ترقی کے حصول،سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں- ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عہدیداران اورکارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے- پارٹی قیادت وطن اور عوام کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہو کر کام کر رہی ہے- پاکستان مسلم لیگ(ن) جب بھی اقتدار میں آئی تو اس نے عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے- ملک وقوم کی ترقی کے لئے ایسے بڑے منصوبے مکمل کئے جن کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی- الله تعالیٰ نے ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ(ن) کو خدمت خلق کا موقع دیا ہے انشاء الله عوام کو مایوس نہیں کریں گے بلکہ ان کی توقعات پر پورا اتریں گے اور عوام سے کئے وعدے پورے کریں گے- انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران صوبے کے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے بے مثال ترقیاتی منصوبے مکمل کئے- حکومت کے فلاحی پروگراموں اور ترقیاتی سکیموں سے لاکھوں لوگ مستفید ہو رہے ہیں- گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت کی طرح اس مرتبہ بھی صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے متعدد پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں- عام آدمی پر علاج معالجہ کے اخراجات کے بوجھ کو کم کرنے کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم کا اجراء کیا جا رہاہے- انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کی معاونت کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اس پروگرام کے تحت خدمت کارڈ سسٹم کے ذریعے محروم معیشت طبقات کو براہ راست سبسڈی دی جائے گی اوراس پروگرام سے لاکھوں غریب خاندان مستفید ہوں گے- پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈکے ذریعے مالی مشکلات سے دوچار ہونہار بچوں کو تعلیمی پیاس بجھانے کے لئے وظائف کی فراہمی کاسلسلہ جاری ہے- پوزیشن ہولڈرز طلبا وطالبات کی حوصلہ افزائی بھی جاری ہے- دانش سکول سسٹم کے ذریعے خاک آلود گلیوں کے بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھول دیے گئے ہیں- حکومت پنجاب کے ان تعلیمی پروگراموں کا انتہائی مثبت پہلو یہ ہے کہ ان میں صرف پنجاب کے بچے شامل نہیں بلکہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان،فاٹا اور آزاد کشمیر کے ہونہار اور ذہین بچے بھی ان پروگراموں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اوریہ حکومت کے ایسے اقدامات ہیں جن سے ملک کی تمام اکائیاں ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گی اور باہمی اتحاد ومحبت کا رشتہ مضبوط ہوگا- وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت پنجاب کے فروغ تعلیم کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے تعلیمی شعبہ کی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں- حکومت کے ان اقدامات کی بدولت اب کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا- دانش سکول سسٹم معاشی و سماجی ناہمواریوں کے شکار اوربے وسیلہ مگر ذہین اور قابل طلبہ کے نئے اور روشن مستقبل کی نوید ہے- انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر صرف اور صرف فروغ تعلیم کے لئے میرٹ کی بنیاد پر صرف کیا جا رہاہے - انہوں نے کہاکہ مسلم لیگی عہدیدار اور کارکن عوام کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں تاکہ وہ ان سکیموں سے بھر پور استفادہ کر سکیں-وفد نے صوبے کے عوام کی خدمت اور حکومت کے فلاحی پروگراموں پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ نے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے مثالی پروگراموں کے ذریعے ان کے دل جیت لئے ہیں اور لوگ انہیں دعائیں دے رہے ہیں-