پی سی بی کی گورننگ باڈ ی کا اجلاس، باسط علی کو بیٹنگ کوچ ، محمد الیاس کو چیف سلیکٹر بنانے کا فیصلہ، چیف سلیکٹر اور کوچز کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ، معین خان کو ان کے عہدے سے ہٹانے ، عامر سہیل کو اہم عہدہ دیئے جانے کا امکان ،کرکٹ معاملات کو آگے بڑھانا ہے،نجم سیٹھی دور میں جو فیصلے ہوئے جاری رکھیں گے تاہم ان کے جائزہ کیلئے کمیٹی قائم کی جائے گی، ایشیا ء کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ سیکورٹی رپورٹ کے بعد ہی کیا جائے گا،ذکا اشرف کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 19 جنوری 2014 06:21

ء لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جنوری۔2014ء)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کی گورننگ باڈ ی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کو بیٹنگ کوچ جبکہ محمد الیاس کو چیف سلیکٹر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، چیف سلیکٹر اور کوچز کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ،موجودہ ٹیم منیجر معین خان کو ان کے عہدے سے ہٹانے جبکہ عامر سہیل کو اہم عہدہ دیئے جانے کا امکان ہے،عبوری چیئر مین نجم سیٹھی کے دور میں کئے گئے فیصلوں کے جائزے کیلئے کمیٹی قائم کی جائے گی ،ایشیا ء کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ سیکورٹی رپورٹ کے بعد ہی کیا جائے گا ۔

گورننگ باڈی کا اجلاس آج( اتوار کو ) دوبارہ ہو گا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کو لاہور میں پی سی سی کے گورننگ بورڈ کا اجلاس چیئرمین ذکا ء اشرف کی صدارت میں ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ آج ہونے والے اجلاس میں کچھ اہم فیصلہ نہیں ہوسکے کیونکہ بورڈ کے دیگر اراکین نجی مصروفیات کے باعث شریک نہیں ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ چیف سلیکٹر اور کوچز کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم بورڈ اس سے متعلق جلد کسی فیصلے پر پہنچے گا جبکہ میڈیا رائٹس کا فیصلہ بھی قواعد کے مطابق کریں گے تاہم آج کے کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں محمد الیاس کو چیف سلیکٹر جبکہ باسط علی کو بیٹنگ کوچ بنانے کا حتمی اعلان ممکن ہے ۔ محمد الیاس اس سے پہلے بھی پی سی بی چیف سلیکٹر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔

دوسری جانب باسط علی بھی قومی ویمن اور مین کرکٹ ٹیم کے ساتھ بیٹنگ کوچ کا تجربہ حاصل کر چکے ہیں۔ چیئرمیں پی سی بی کا کہنا تھا کہ کرکٹ معاملات کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کے دور میں جو فیصلے ہوئے جاری رکھیں گے تاہم ان کے جائزہ کیلئے کمیٹی قائم کی جائے گی ایشیا کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ سیکیورٹی رپورٹ کے بعد ہی کیا جائے گا۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ بنگلادیش جانے کا فیصلہ سیکیورٹی رپورٹ پر منحصر ہے اور ایشیا کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2015 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے بھی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں سابق کرکٹرز کو مدعو کرکے مشاورت کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کہ معین خان کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جبکہ عامر سہیل کو پی سی بی میں اہم عہدہ دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔