لاہور کے علاقے سول لائنز کے سامنے نجی ایئرلائنز کے دفتر میں مسلح شخص گھس گیا، خودکشی کی دھمکی، پولیس نے مزاحمت کے باوجود مسلح شخص کو حراست میں لے لیا

ہفتہ 18 جنوری 2014 03:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2014ء)نصوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے سول لائنز کے سامنے نجی ایئرلائنز کے دفتر میں مسلح شخص گھس گیا، مسلح شخص نے خودکشی کی دھمکی بھی دی، پولیس نے مزاحمت کے باوجود مسلح شخص کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک 23سالہ کامران نامی مسلح نوجوان شملہ پہاڑی کے قریب واقع نجی اےئرلائن کے دفتر میں داخل ہوا جہاں ملازمت کرنے والی ایک لڑکی سے اس نے بات کرنا چاہی تاہم لڑکی نے ملاقات سے انکار کردیا جس پر کامران نے پستول نکال کر دفتر کے عملے کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔

مذکورہ شخص کامران اس لڑکی سے ملنا چاہتا تھا مگر اس لڑکی نے اس سے ملنے سے انکار کردیا اور خود جاکر باتھ روم میں چھپ گئی۔ کامران کا کہنا تھا کہ مذکورہ لڑکی تین سال سے اس سے فون پر بات کر رہی تھی اور محبت کرتی تھی مگر اب وہ اسے بھائی کہنے لگی ہے۔

(جاری ہے)

اس نے مطالبہ کیا کہ اس لڑکی سے ملنے دیا جائے ورنہ وہ خودکشی کرلے گا۔اس نے اس بات کے ساتھ ہی اپنی کنپٹی پر پستول تان لی۔

اس صورتحال کے دوران وہاں پولیس بھی آگئی اور میڈیا کے نمائندے بھی پہنچ گئے مگر کامران اپنی بات پر بضد رہا اور بدستور کنپٹی پر پستول تانے رہا تاہم اس کو دفتر سے باہر آنے پر پولیس نے قابو میں کرلیا اور حراست میں لے لیا۔جبکہ مذکورہ لڑکی اس دوران اس کے سامنے نہیں آئی اور وہ بدستور خوفزدہ اور ہراساں تھی اسے بحفاظت دفتر سے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب خود کشی کی دھمکی دینے والے ملزم کامران کے خلاف تھانا قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں ملزم کے خلاف دہشت گردی، اقدام خود کشی، ہوائی فائرنگ اور پولیس کے ساتھ مزاحمت کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :