وزیراعظم نواز شریف ڈاکٹر بن گئے ، گورنمنٹ یونیورسٹی لاہور نے اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری دی ، اب میں ڈاکٹر نواز شریف ہوگیا ہوں ،ڈگری میرے لئے اعزاز ہے ، نواز شریف ،کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہوتا ہے ، حکومت نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے پرعزم ہے ، نواز شریف، نوجوانوں کو قرضہ سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ، سالانہ ایک لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو قرضہ دیا جائیگا، ملکی وسائل کا رخ عام آدمی کی طرف موڑنا ہوگا ۔ نوجوانوں پر اعتماد کیا ہے وہ بھی مجھے مایوس نہیں کرینگے ۔ ہگورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں 12ویں کانووکیشن سے خطاب

ہفتہ 18 جنوری 2014 03:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف بھی ڈاکٹر بن گئے ، گورنمنٹ یونیورسٹی نے نواز شریف کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دے دی جس کے بعد وہ ڈاکٹر نواز شریف بن گئے ہیں ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں باقاعدہ اس بات کا اظہار بھی کیا ہے کہ وہ اب ڈاکٹر نواز شریف بن گئے ہیں اور یہ ڈگری دی جانا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے ۔وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہوتا ہے ، حکومت نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے پرعزم ہے ، نوجوانوں کو قرضہ سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ، سالانہ ایک لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو قرضہ دیا جائیگا، ملکی وسائل کا رخ عام آدمی کی طرف موڑنا ہوگا ۔

جمعہ کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں 12ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج سے میری خوشگوار یادیں وابستہ ہیں اوول گراؤنڈ کی یادیں اب بھی میرے ذہن میں ہیں جب میں کرکٹ ٹیم کا اہم کھلاڑی تھا کالج گراؤنڈ میں کھیلنا اب بھی یاد آتا ہے کاش وہ زمانہ لوٹ آئے اور میں ایک مرتبہ پھر وزیراعظم سے طالبعلم بن جاؤں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے نامور شخصیات پیدا کی ہیں جن میں میں بھی شامل ہوں لیکن وائس چانسلر نے میرا ذکر نہیں کیا کوئی بات نہیں انہوں نے مجھے وزیراعظم سے ڈاکٹر نواز شریف بنا دیا ہے مجھے اعزازی ڈگری دی گئی ہے لیکن ساتھ ہی وائس چانسلر نے یونیورسٹی کیلئے نو ارب روپے کا تقاضا بھی کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب 1999ء میں بھارتی وزیراعظم لاہور آئے تو ان کے ساتھ بھارتی اداکار دیو آنند تھے جب وہ واہگہ بارڈر پر پہنچے تو انہوں نے واجپائی اور میرے ہاتھ تھام کر تصویر بنوائی جس سے ہمارا دل باغ باغ ہوگیا ۔

دیو آنند جب لاہور آئے تو انہوں نے مطالبہ کیا کہ وہ گورنمنٹ کالج دیکھنا چاہتے ہیں وہ بھی اسی گورنمنٹ کالج سے فارغ التحصیل ہیں جب انہوں نے گورنمنٹ کالج کادورہ کیا تو انہوں نے کالج کے دروازے اور دیواروں کو بھی چوما لہذا آپ بھی اس تعلیمی ادارے کی قدر کریں جب بندہ یہاں سے چلا جاتا ہے تو پھر اس ادارے کی بہت یاد آتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں 80فیصد کردار نوجوانوں کا ہوتا ہے نوجوانوں کیلئے قرض سکیم جاری کی تو کہا گیا کہ نوجوان قرض واپس نہیں کرینگے لیکن مجھے نوجوانوں پر امید ہے کہ وہ ملکی ترقی کیلئے لیا ہوا قرض واپس کرینگے اور اس قرضے سے نوجوان خود کفیل ہوں گے قرضے میں 50فیصد حصہ خواتین کیلئے مختص کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے نوجوانوں پر اعتماد کیا ہے وہ بھی مجھے مایوس نہیں کرینگے ۔ ہر سال ایک لا کھ نوجوانوں کو قرضہ دیا جائے گا چاہتے ہیں کہ نوجوان تعلیم حاصل کرنے کے بعد بے روزگار نہ رہیں نوجوان قرضہ سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کا رخ عام آدمی کی طرف موڑنا ہوگا تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے میں میرا کوئی کمال نہیں تیسری مرتبہ وزیراعظم مجھے نوجوانوں نے بنایا ہے جس پر مجھے فخر ہے ملک میں دو دفعہ وزیراعظم بنے لیکن تین مرتبہ کوئی نہیں بنا انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا بہت بڑا سرمایہ ہیں حکومت نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے پرعزم ہے ۔