نواز شریف مریم نواز نے ہمیں یقین دہانی کروائی تھی کہ 2014ء کا سورج ڈاکٹر عافیہ پاکستان دیکھیں گی ، مشرف نے عافیہ کو ایک بار بیچا تھا جبکہ جمہوری حکومتوں نے بار بار بیچا،فوزیہ صدیقی اور آمنہ مسعود جنجوعہ کی مشترکہ پریس کانفرنس

جمعہ 17 جنوری 2014 07:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جنوری۔2014ء)فوزیہ صدیقی اور آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف مریم نواز نے ہمیں یقین دہانی کروائی تھی کہ 2014ء کا سورج ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان دیکھیں گی۔ مشرف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ایک بار بیچا تھا جبکہ جمہوری حکومتوں نے بار بار بیچا بھارت کی ایک بیٹی پر امریکہ میں کیس بنایا گیا مگر بھارت نے غیرت مند قوم کا ثبوت دیتے ہوئے اسکو ہر قیمت پر اپنے وطن لائے۔

لا پتہ افراد کے حوالے سے نوازحکومت نے بار ہا دفعہ وعدہ کیا برآمد کرنے کا مگر انکا وعدہ وفا نہ ہو سکا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں کی جانے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ فوزیہ صدیقی نے کہا کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز نے ہمیں یقین دہانی کروائی تھی کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی 2014 کا سورج پاکستان میں طلوع ہوتے دیکھیں گی۔

(جاری ہے)

مگر انکی حکومت کو 7 ماہ ہو گئے میاں نواز شریف اور مریم نواز سے جب بھی رابطہ کیا گیا ہر دفعہ نفی میں جواب ملا، انہوں نے کہا کہ مشرف نے ڈاکٹر عافیہ کو ایک بار امریکہ کے آگے بیچا تھا مگر جمہوری حکومتوں نے انکو بار بار بیچا اور اپنے مفادات کی خاطر بھارت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بھارت کی ایک بیٹی پر کیس بنایا گیا تو بھارت نے اسکو ہر حال اور ہر قیمت پر واپس لا کر غیرت مند حکومت اور قوم ہونے کا ثبوت دیا یہ ہوتی ہے غیرت مند قوموں کی نشانی۔

ریمنڈ ڈیوس دن کے اجالے میں دو پاکستانیوں کو سر عام قتل کرتا ہے۔ امریکہ اسکو باآسانی واپس لے گیا۔ حکومت کچھ نہ کر سکی۔ ایک سوال کے جواب میں فوزیہ صدیقی نے بتایا کہ امریکہ میں موجود پاکستان ایمبیسی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی کوئی مدد نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔ اور ہم مارچ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے پوری دنیا میں ایک بھرپور تحریک چلائینگے۔ بیگم آمنہ مسعود جنجوعہ نے لاپتہ افراد کے سوال کے جواب میں بتایا کہ میاں نواز شریف نے لاپتہ افراد کو برآمد کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر انکا وعدہ آج تک وفا نہیں ہو سکا۔