تحریک انصاف نے خواتین اور گھریلو تشدد کے حوالے سے بل تیار کر لیا ہے، شاہ محمود قریشی ،حکومت خواتین اورگھریلو تشدد کے خلاف اسمبلی میں بل لائے، تحریک انصاف اس کی بھرپور حمایت کرے گی ،تحریک انصاف ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک میں خواتین اور گھریلو تشدد کے خلاف باقاعدہ قانون سازی چاہتی ہے،سیمینار سے خطاب

منگل 14 جنوری 2014 07:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14جنوری۔ 2013ء)انصاف وومن ایکشن فورم کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں گھریلو تشدد کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف نے خواتین اور گھریلو تشدد کے حوالے سے بل تیار کر لیا ہے ، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خواتین اورگھریلو تشدد کے خلاف اسمبلی میں بل لائے، تحریک انصاف اس کی بھرپور حمایت کرے گی ، اگر حکومت اس حوالے سے سنجیدہ نہ ہوئی تو تحریک انصاف اسمبلی میں بل لائے گی ، خواتین اور گھریلو تشدد روکے بغیر خوشحال اور پُرامن معاشرہ قائم نہیں ہو سکتا ، تحریک انصاف ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک میں خواتین اور گھریلو تشدد کے خلاف باقاعدہ قانون سازی چاہتی ہے ، اس اہم مسئلے پر پہلے کسی جماعت نے توجہ نہیں دی،تحریک انصاف اسمبلیوں کے اندر اور باہر اس اہم ایشو پر بھرپور آواز اٹھائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو برابراہمیت دینے پر یقین رکھتی ہے ، خواتین معاشرے کا اہم جزو ہیں ان کو تحفظ دیئے بغیر معاشرے کی ترقی ممکن نہیں ۔صدر پنجاب اعجازاحمدچوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین نے ہر شعبے میں نمایا ں کردارادا کررہی ہیں اس لئے ان کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے، خواتین اور گھریلو تشد د کے خلاف قانون سازی کے لئے اصولی فیصلہ کیا ہے ،اس حوالے سے بھرپور جدوجہد بھی کی جائے گی ۔

حکومت کو اس سلسلے میں قانون سازی کرنا ہو گی۔ تحریک انصاف عام آدمی ہی نہیں بلکہ عام عورت کی بھی جماعت ہے ، معاشرہ ظالم اور مظلوم میں تقسیم ہے ، ہم سب کو ملکر کوشش کرنی ہو گی کہ اس بل کو اسمبلی سے متفقہ طورپر پاس کروانا جائے ۔ جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ معاشرے میں گھریلو تشدد تیزی سے خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے ، خواتین ، بچے ، بوڑھے اور گھریلو ملازمین کی بہتری کے لئے ہم سب کو مل کر کوشش کرنی ہوگی۔

گھریلو تشدد کو روکھنے کے لئے سخت قوانین بنانیں ہوں گے ۔ ملک میں قوانین موجود ہے لیکن ان پر عملدر آمد نہیں ہوتا اس اہم مسئلے کے حل کے لئے پر حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ، معاشرے میں عورت کا احترام کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ مہناز رفیع نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف اس اہم مسئلے پر بل لے کر آئی ہے ، معاشرے میں بچے ، بچیوں اور عورتوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کی جا رہی ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔

تحریک انصاف اس اہم مسئلے کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی اورہم سب کی ذمہ داری ہے کہ سب اپنا اپنا رول اد اکریں۔ شفقت محمود ایم این اے نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ سچ ہے کہ انسان نمادرندے ہیں جو عورتوں پرظلم ڈھاتے ہیں ، اسمبلی کے اندر اور باہر میں بھرپورآواز اٹھاؤنگا، تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ آگے بڑھ نہیں سکتا، بلکہ تعلیم سے انسان کے اندر شعور آتا ہے ، تحریک انصاف نے اس اہم ایشو پر آواز اٹھائی ہے جس کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہئے، مظلوم اور غریب افراد کی مدد کے لئے تحریک انصاف فری لیگل سپورٹ دے گی اور اس کے لئے ہم ایک ہارٹ لائن بھی قائم کی جائے گی تا کہ متاثرہ ہونے والے افراد رابطہ کرسکیں۔

سیمینار سے سیکر ٹری انفارمیشن پنجاب عند لیب عباس ، عالیہ حمزہ ملک ، بشری ٰ ، سلیمان عابد اور فوزیہ نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بل کے حوالے سے تجاویز بھی دیں، سیمنار میں ایم پی اے ڈاکٹر نوشین حامد معراج، شنیلہ روت ، عائشہ ظہیر، صدر لاہور عبدالعلیم خان ،مہر فیاض،حسین جعفری محمود جوئیہ، نبیلہ حاکم علی ایڈووکیٹ سمیت کثیر تعداد میں خواتین ، وکلاء سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔