یوتھ فیسٹیول کے دوسرے مرحلے کا ساتواں روز ، کھلاڑیوں میں گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی، صوبہ بھر میں 1 لاکھ 63ہزار کھلاڑیوں نے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا ،37 ہزارکامیاب،باڈی بلڈنگ میں عظیم امیر کامیاب، ویٹ لفٹنگ کا مقابلہ مقصودنے جیت لیا ، قرآت میں قاری محمد اشرف اور نعت خوانی میں یحییٰ نے پہلی پوزیشن حاصل کی

اتوار 12 جنوری 2014 07:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جنوری۔2013ء) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دوسرے مرحلے میں کھیلوں کے مقابلے 7ویں روز میں داخل ہوگئے۔ ہفتہ کے روز ہونے والے مقابلوں میں گہما گہمی عروج پر رہی،کھلاڑیوں کا جوش و خروش دیدنی تھا،صوبے کے مختلف اضلا ع میں مجموعی طور پر 1 لاکھ63 ہزار کھلاڑیوں نے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا جن میں37 ہزارکامیاب قرارپائے۔

لاہور کے نو ٹاؤنز میں مقابلے ہوئے۔ واہگہ ٹاؤن کی24 یونین کونسلوں میں مقابلے ہوئے جن میں 328 کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور 119 کامیاب قرار پائے۔ کرکٹ کا مقابلہ ندیم حسن الیون نے جیتا۔ باڈی بلڈنگ میں عظیم عمیر نے کامیابی حاصل کی جبکہ ویٹ لفٹنگ میں مقصود فاتح قرار پائے۔ جنرل پبلک کیٹگری کے انفرادی ایونٹ میں نعت خوانی کا مقابلہ یحییٰ نے جیتا، سکندر دوسرے نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

قرات میں قاری محمد اشرف نے اول پوزیشن لی۔ گلبرگ ٹاؤن کی 30 یونین کونسلوں میں 350 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں حصہ لیا جن میں 30 کامیاب رہے۔ نشتر ٹاؤن کی 55 یونین کونسلوں میں 7324 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں شرکت کی جن میں 210 فاتح رہے۔ عزیز بھٹی ٹاؤن کی 25 یونین کونسلوں میں 2438 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں حصہ لیا جن میں 220 کامیاب ہوئے۔ داتا گنج بخش ٹاؤن کی 35 یونین کونسلوں میں 5596 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں شرکت کی جن میں 284 کامیاب قرار پائے۔

شالیمار ٹاؤن کی14 یونین کونسلوں میں 329 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں شرکت کی جن میں 108 کامیاب ہوئے۔ راوی ٹاؤن کی 24 یونین کونسلوں میں480 کھلاڑیوں نے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا ،140 کامیاب رہے۔ سمن آبادٹاؤن کی 24 یونین کونسلوں کے 437 کھلاڑی میدان میں اترے اور 147 نے کامیابی حاصل کی۔ اقبال ٹاؤن کی 5 یونین کونسلوں میں 50 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں حصہ لیا جہاں 5 کامیاب قرار پائے۔

لاہور ڈویژن کے اضلاع شیخوپورہ ، قصور اور ننکانہ صاحب میں 42205 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں شرکت کی جن میں4678 کامیاب ہوئے۔ سرگودھا ڈویژن کے اضلاع بھکر، سرگودھا اور خوشاب میں 27270 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں شرکت کی جن میں 3503 کامیاب رہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع حافظ آباد، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین ، نارووال اور گجرات میں 19821 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں شرکت کی جہاں 7827 کامیاب رہے۔

فیصل آباد ڈویژن کے اضلاع جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 16389 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں حصہ لیا جن میں4517 نے کامیابی لی۔ ساہیوال ڈویژن کے اضلاع اوکاڑہ ، پاکپتن میں 2680 کھلاڑی مقابلوں میں شریک ہوئے جہاں 1172 کامیاب قرار پائے۔ ملتان ڈویژن کے اضلاع وہاڑی، لودھراں اور خانیوال میں 8674 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں حصہ لیا جن میں 3294 نے کامیابی حاصل کی۔ بہاولپور ڈویژن کے اضلاع بہاولنگر اوررحیم یار خان میں 12212کھلاڑیوں نے مقابلوں میں حصہ لیا جن میں 5001 کامیاب قرار پائے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اضلاع راجن پور ، لیہ اور مظفر گڑھ میں 18336 کھلاڑیوں نے مقابلوں میں شرکت کی اور 2672 نے کامیابی سمیٹی۔