لاہور میں پیپلزپارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیاء کی صاحبزادی نے پولیس اہلکار کو اپنی تیز رفتار گاڑی سے کچل دیا،میری گاڑی کی رفتار کم تھی‘ ریورس کرتے ہوئے گاڑی پولیس اہلکار کو لگی‘ میرے پاکستانی نہیں برطانوی ڈرائیونگ لائسنس ہے، پولیس کو دے دیا ،قاسم ضیاء کی بیٹی انعم ضیاء کا موقف،لاہور پولیس نے قاسم ضیا کی بیٹی کو ضمانت پر رہا کردیا ، بیٹی کی ضمانت کروالی ہے،کوئی بھی حادثہ جان بوجھ کرنہیں کرتا،قاسم ضیاء

اتوار 12 جنوری 2014 07:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جنوری۔2013ء) پیپلزپارٹی کے لاہور میں سابق صدر قاسم ضیاء کی صاحبزادی نے تیز رفتار کار وزیراعلی ہاؤس کے باہر تعینات ایلیٹ فورس کے اہلکار سے ٹکرادی جس کے بعد اسے تشویشناک حالت میں میو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ قاسم ضیاء کی صاحبزادی کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کو لاہور میں وزیراعلی ہاؤس کے باہر تعینات ایلیٹ فورس کااہلکار اشفاق حیدری ڈیوٹی دے رہا تھا کہ اچانک پیپلزپارٹی پنجاب کے سابق صدر قاسم ضیاء کی صاحبزادی انعم نے اپنی تیز رفتار کار پولیس اہلکار سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا تاہم پولیس اہلکار کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے میو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پر ڈاکٹرز نے پولیس اہلکار کی حالت کو تشویشناک قرار دیا جبکہ پولیس نے قاسم ضیاء کی صاحبزادی کو حراست میں لے لیا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور میں وزیراعلی پنجاب کی رہائشگاہ کے باہر ایلیٹ فورس کے اہلکار کو گاڑی کے نیچے کچلنے والی پیپلزپارٹی کے راہنماء قاسم ضیاء کی بیٹی انعم ضیاء نے موقف اپنایا ہے کہ میری گاڑی کی رفتار کم تھی‘ ریورس کرتے ہوئے گاڑی پولیس اہلکار کو لگی‘ میرے پاکستانی نہیں برطانوی ڈرائیونگ لائسنس ہے جو میں نے پولیس کو دے دیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انعم ضیاء کا کہنا تھا کہ وہ گارڈن ٹاؤن میں اپنی سہیلی سے ملنے کیلئے اکیلے ہی ان کے گھر جارہی تھی ان کیساتھ اور کوئی نہیں تھا۔

میرے بیگ سے ٹافیوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے برطانیہ میں ڈرائیونگ سیکھی ہے۔ میرے پاس پاکستان کا نہیں برطانیہ کا ڈرائیونگ لائسنس ہے جو انہوں نے پولیس حکام کو دے دیا ہے۔ خاتون ملزمہ کا کہنا تھا کہ میں کسی سے نہیں ڈرتی ہوں‘ قانونی چارہ جوئی کیلئے وکیل سے رجوع کرلیا ہے۔ میری گاڑی کی رفتار کم تھی ریورس کرتے ہوئے دور تک کوئی اہلکار موجود نہیں تھا کہ اچانک پولیس اہلکار پیچھے سے گاڑی کیساتھ ٹکراگیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو خود مرنے کا شوق ہو تو وہ کیا کرسکتی ہیں۔ادھرلاہور پولیس نے قاسم ضیا کی بیٹی انعم ضیاء کو ضمانت پر رہا کردیا،ان کی گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔ پیپلز پارٹی کے راہنما قاسم ضیاء کا کہنا ہے کہ اپنی بیٹی کی ضمانت کروالی ہے،کوئی بھی حادثہ جان بوجھ کرنہیں کرتا۔میڈیارپورٹ کے مطابق قاسم ضیاء نے مختصراً گفتگو میں کہا کہ حادثے میں جو اہل کار زخمی ہوا، اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔واضح رہے کہ قاسم ضیاء کی بیٹی کی گاڑی کی ٹکر سے ایلیٹ فورس کااہلکارزخمی ہواجس پر ، پولیس نے انعم ضیاء کو حراست میں لے کرمقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ملزمہ کے زیر استعمال گاڑی پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ملکیت تھی۔