وزیراعلیٰ سے چینی کمپنی سیپکوiiiکے وفد کی ملاقات،ساہیوال میں کوئلے سے توانائی کے حصول کے منصوبے پر بات چیت،ساہیوال میں کوئلے سے پاور پلانٹس لگانے کے منصوبے کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔منصوبے پر عملدرآمدکیلئے چار کابینہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں،پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کیلئے پالیسی کا جلد اعلان کیا جائے گا ،سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دیں گے:شہباز شریف

ہفتہ 11 جنوری 2014 06:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبا زشریف سے شین ڈونگ الیکٹرک پاور کنسٹرکشن کارپوریشن (SEPCO III) کے اعلی سطح کے وفد نے آج یہاں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ساہیوال میں درآمدی کوئلے سے 660 ، 660میگاواٹ کے 2 پاور پلانٹس کے منصوبے پر بات چیت ہوئی۔ نائب صدر چائنہ ویسٹرن پاور کمپنی وین ہاؤ (Mr. Wenhao) ، سیپکوiii کے صدر برائے ساؤتھ ایشیا ریجن لن جیان وی (Mr. Lin Jianwei)،ایم پی اے عائشہ غوث پاشا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری معدنیات ، متعلقہ حکام اور چینی کمپنی کے دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساہیوال میں کوئلے سے 660 ، 660میگاواٹ کے 2پاور پلانٹس لگانے کے منصوبے پرتیز رفتاری سے کام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

منصوبے پر عملدرآمد کے لیے چار کابینہ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاور پلانٹس لگانے کے لیے اراضی کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔سیپکو iii منصوبے کی فیزبلٹی سٹڈی رپورٹ جنوری کے آخر تک تیار کرلے گی۔

سیپکو iiiکی جانب سے منصوبے کی فیزبلٹی رپورٹ مفت تیار کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ درآمدی کوئلے کی کراچی سے ٹرانسپورٹیشن کے لیے ریلوے حکام سے بات چیت کی جارہی ہے ۔پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کے لیے نجی سرمایہ کاروں کے لیے پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔پنجاب کول پاور پلانٹس پالیسی میں سرمایہ کاروں کو منصوبے لگانے کے لیے خصوصی مراعات دیں گے۔منصوبے میں شفافیت کو ہر لحاظ سے ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔نائب صدرچائنہ ویسٹرن پاور کمپنی ویو وین ہاؤنے اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف انتہائی برق رفتاری سے کام کرتے ہیں ۔ہماری پوری کوشش ہوگی کہ منصوبے کو وزیراعلیٰ کی توقعات کے مطابق مکمل کریں۔