امیرجماعت اسلامی پاکستان کے انتخاب کے لیے تین ناموں کا اعلان کر دیا گیا، منورحسن ، سراج الحق اور لیاقت بلوچ کے نام تجو یز

جمعہ 10 جنوری 2014 03:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جنوری۔2013ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان کے انتخاب برائے 2014-2019 ء کے لیے تین ناموں کا اعلان کر دیا گیاہے ۔ مرکزی مجلس شورٰی نے سیدمنورحسن ، لیاقت بلوچ اور سراج الحق کو آئندہ انتخاب امیر کے لیے نامزد کیاہے ۔ یہ اعلان ناظم انتخاب برائے امیر جماعت عبدالحفیظ احمد نے آج شام منصورہ میں کیا ہے ۔ دستور جماعت کے مطابق مرکزی مجلس شورٰی انتخاب امیر کے لیے ارکان جماعت کی رہنمائی کے لیے خفیہ بیلٹ کے ذریعے تین نام نامزد کرتی ہے جسے ارکان جماعت کو خفیہ بیلٹ کے لیے ارسال کیا جاتاہے ۔

(جاری ہے)

ارکان جماعت ان تین ارکان کو ووٹ دینے کے پابند نہیں وہ ان کے علاوہ کسی رکن جماعت کو ووٹ دے سکتے ہیں۔ آئندہ 5 سال کے لیے امیر جماعت کے انتخاب کے لیے مرکزی شورٰی کے اجلاس منعقدہ 3 تا5جنوری 2014 ء میں خفیہ بیلٹ کے ذریعے رائے شماری کرائی گئی جو ارکان اجلاس میں شریک نہیں تھے ان کو بذریعہ ڈاک بیلٹ ارسال کیے گئے جو آج مکمل طور پر واپس موصول ہوئے ۔ ان کی گنتی عبدالحفیظ احمد کی سربراہی میں کمیٹی نے کی ۔ ارکان شورٰی نے امیر جماعت کے انتخاب کے لیے سیدمنورحسن ، لیاقت بلوچ اور سراج الحق کے نام تجویز کیے ہیں ۔