وزیراعلی پنجاب سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کی ملاقات،ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا

جمعرات 9 جنوری 2014 07:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی اور اپنے علاقوں کے ترقیاتی مسائل اور ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا-اس موقع پر اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مشن ہے-عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے پروگراموں پر اربوں روپے صرف کئے جارہے ہیں -انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں ترقیاتی سکیمیں شفاف طریقے سے تیزی سے مکمل کی جارہی ہیں- وزیراعلی نے کہا کہ میٹروبس ، تعلیمی فنڈ، آشیانہ ، خودروزگار سکیم اور دیگر فلاحی منصوبوں سے لاکھوں لوگ مستفید ہورہے ہیں- گزشتہ پانچ برسوں کے دوران دن رات عوام کی خدمت کی ، آئندہ خدمت خلق کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے-منتخب نمائندے عوام کے مسائل کے لئے اپنی تمام ترتوانائیاں بروئے کار لائیں - ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر میاں یاور زمان، محمد کاشف، رانا محمد افضل ، رانا بابر اور شکیل آئیون شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :