پنجاب میں سیاسی جماعتوں کی پوزیشنز کا نیا سروے جاری

پنجاب میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں یکدم بڑا اضافہ، تاہم ن لیگ کو اب بھی برتری حاصل ہے

جمعرات 21 جون 2018 19:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 21 جون 2018ء) پنجاب میں سیاسی جماعتوں کی پوزیشنز کا نیا سروے جاری کردیا گیا ہے۔ پنجاب میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں یکدم بڑا اضافہ، تاہم ن لیگ کو اب بھی برتری حاصل ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آئندہ انتخابات کا انعقاد آئندہ ماہ کی 25 تاریخ کو ہوگا۔ اس سلسلے میں ملک کی تمام بڑی اور چھوٹی سیاسی جماعتوں اور رہنماوں کی جانب سے بھرپور تیاریاں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ہر مرتبہ کی طرح اس مرتبہ بھی الیکشن میں پاکستان کا صوبہ پنجاب سب سے اہمیت کا حامل ہوگا۔ صوبہ پنجاب کی عوام اس مرتبہ بھی انتخابات میں کنگ میکر کا کردار ادا کریں گے۔ قومی اسمبلی کی 60 فیصد نشستوں کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے پنجاب سے کامیاب ہونے والی سیاسی جماعت ہی وفاق میں حکومت قائم کرنے میں باآسانی کامیاب ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے بڑی سیاسی جماعتوں خاص کر تحریک انصاف اور ن لیگ کی جانب سے پنجاب کو فتح کرنے کیلئے بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

ماضی میں ن لیگ پنجاب کو باآسانی فتح کرتی آئی ہے۔ تاہم اس مرتبہ تحریک انصاف بھی پنجاب کی سیاست میں مضبوط پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ اب پنجاب میں سیاسی جماعتوں کی پوزیشنز کا نیا سروے بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے اس سروے کی رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں یکدم بڑا اضافہ ہوا ہے۔ تاہم پنجاب میں ن لیگ کو اب بھی برتری حاصل ہے۔

پنجاب بھر میں ن لیگ کی مقبولیت اب بھی 52 فیصد کی سطح پر ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کی مقبولیت 37 فیصد کے قریب ہے۔ تاہم دوسری جانب پنجاب کی سیاست میں سب سے اہم کردار ادا کرنے والے جنوبی پنجاب میں تحریک انصاف کو ن لیگ پر برتری حاصل ہے۔ یہاں تحریک انصاف کی مقبولیت 50 فیصد سے زائد جبکہ ن لیگ کی مقبولیت 40 فیصد سے کم ہے۔ جبکہ پنجاب میں ماضی میں بڑی سیاسی قوت سمجھی جانے والی پیپلز پارٹی اس مرتبہ کہیں نظر نہیں آ رہی۔