پاک امریکا تعلقات پھر سے کشیدہ، امریکی حکومت نے پاکستان کو جدید وائپر ہیلی کاپٹر کی فروخت پر پابندی عائد کردی

منگل 19 جون 2018 22:07

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 19 جون 2018ء) پاک امریکا تعلقات پھر سے کشیدہ، امریکی حکومت نے پاکستان کو جدید وائپر ہیلی کاپٹر کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر بڑی دفاعی پابندی عائد کردی ہے۔ عسکری ذرائع سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق پاکستان اور امریکا کے تعلقات ہر گزرتے دن کیساتھ مزید سے مزید کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔

امریکا گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان کو سنگین نتائج اور اقدامات کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ جبکہ اب امریکا نے عملی قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان پر بڑی پابندی عائد کردی ہے۔ امریکی حکومت نے پاکستان کو جدید وائپر ہیلی کاپٹر کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور امریکا کے درمیان جدید اے ایچ ون زی وائپر ہیلی کاپٹر کی فروخت کا معاہدہ طے پایا تھا۔

تاہم اب امریکا نے اپنے وعدے اور معاہدےس ے مکرتے ہوئے یہ ہیلی کاپٹر پاکستان کو فروخت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اس صورتحال کے باعث پاکستان اور امریکا کے تعلقات پھر سے 1990 کی دہائی کی سطح تک جا پہنچے ہیں۔ واضح رہے کہ 1990 میں بھی پاکستان اور امریکا کے درمیان جدید ایف 16 طیاروں کی فروخت کا معاہدہ طے پایا تھا۔ پاکستان نے طیاروں کیلئے رقم بھی ادا کردی تھی۔

تاہم بعد ازاں امریکا نے پاکستان کو طیارے دینے سے انکار کردیا تھا۔ اسی باعث یہ معاملہ کئی برس تک لٹکا رہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بھی کشیدہ رہے۔ اب ایک مرتبہ پھر امریکا تاریخ کو دہراتے ہوئے کشیدگی کا راستہ اپنا رہا ہے۔ اس صورتحال میں پاکستان اپنی دفاعی ضروریات پوری کرنے کیلئے روس سمیت دیگر ملکوں کی جانب دیکھنے پر مجبور ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :