نواز حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، وہ ہر ماہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی میں اضافہ کرتی رہی ،پیپلز پارٹی روزگار کے نئے وسائل پیدا کریگی ، کسانوں کی خوشحالی کے لیئے موثر اقدام اٹھائے گی، پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری کی نواب شاہ کی تاجر برادری اور پارٹی کارکنوں سے گفتگو ، تاجر برادری کی سابق صدر کو مکمل حمایت کی یقین دہانی

منگل 19 جون 2018 21:00

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 19 جون 2018ء)پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ نواز حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، وہ ہر ماہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی میں اضافہ کرتی رہی، پیپلز پارٹی کی قیادت کو احساس ہے کہ مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام پریشان ہیں، پیپلز پارٹی روزگار کے نئے وسائل پیدا کریگی۔

کسانوں کی خوشحالی کے لیئے موثر اقدام اٹھائے گی۔منگل کوپیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری سے نواب شاہ کی تاجر برادری اور حلقہ این اے 213 نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنوں نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر تاجر برادری نے سابق صدر کو پگ پہناکر ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق رکن قومی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوھو بھی موجود تھیں۔

آصف علی زرداری سے حلقہ این اے 213 سے تعلق رکھنے والے عہدے داروں اور کارکنوں نے بھی ملاقات کی۔سابق صدر نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو انتخابات کے دوران دن رات کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات عوام کی قوت سے لڑتی ہے اس لیئے انتخابات جیت کر اقتدار میں آنے کے بعد اس کی ترجیح زیادہ سے زیادہ عوام کی خدمت پر مرکوز رہتی ہے۔

انہوں نے گزشتہ وفاقی حکومت نے صوبوں سے نا انصافی اور پورے ملک کے عوام کو مشکلات کا شکار کیا۔ آصف زرداری نے کہا کہ نواز حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کیا۔حکومت ہر ماہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی میں اضافہ کرتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو احساس ہے کہ مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام پریشان ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی روزگار کے نئے وسائل پیدا کریگی۔ کسانوں کی خوشحالی کے لیئے موثر اقدام اٹھائے گی۔