الیکشن کمیشن آف پا کستان نے عام انتخابات کے دوران بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس اعجاز سواتی کو اپیلیٹ ٹربیونل کے ججز مقرر کردیا

منگل 19 جون 2018 16:11

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 19 جون 2018ء) الیکشن کمیشن آف پا کستان نے عام انتخابات کے دوران بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس اعجاز سواتی کو اپیلیٹ ٹربیونل کے ججز مقرر کردیا ، الیکشن کمیشن آف پا کستان کے جاری کردہ ایک اعلا میے کے مطابق آئند ہ ماہ ہونے والے عام انتخابات کے دوران امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے کے عمل کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلے کے لئے بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز جسٹس محمد ہاشم کاکڑ اور جسٹس محمد اعجاز سواتی کو اپیلیٹ ٹربیونل کے ججز مقرر کردیا گیا ہے ،جسٹس محمد ہاشم کاکڑ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 257سے این اے 264،صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 1سے پی بی 24اور صوبائی و قومی اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی درخواستیں سنیں گے جبکہ جسٹس اعجاز سواتی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265سے این اے 272اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 25سے پی بی 51پر دائر دراخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ کریں گے