عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی وفد نے کلثوم نواز کی عیادت کی

شریف خاندان سے کوئی ذاتی جگھڑا نہیں،ان کے خلاف 9ماہ سے احتساب عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے لیکن سزا نہیں ہو پا رہی،ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کی پریس کانفرس

پیر 18 جون 2018 12:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 18 جون 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجما ن فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف پر منی لانڈرنگ جیسے کئی الزامات ہیں۔نواز شریف قومی مجرم ہیں۔شریف خاندان پر 9 ماہ سے احتساب عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے۔مقدمہ چل رہا ہے مگر سزا نہیں ہو پا رہی۔فواد چوہدری کا سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی کی بیماری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا شریف خاندان سے کوئی ذاتی جگھڑا نہیں ہے۔

عمران خان نے ہمیں کلثوم نواز کی عیادت کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد عمران خان کی ہدیت پر پی ٹی آئی نے کلثوم نواز کی عیادت کی۔خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

رواں ماہ 15 جون کو کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اب تک مصنوعی تنفس (وینٹی لیٹر) پر ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز ہوش میں نہیں ہیں لیکن ڈاکٹرز پوری کوشش کر رہے ہیں اور انشاء اللہ ان کی طبیعت بہتر ہو جائے گی۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی طبعیت میں بہتری کے حوالے سے مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور انہوں نے نواز شریف کو اپنی اہلیہ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز نے فی الحال وطن واپسی موخر کردی ہے۔

دوسری جانب کلثوم نواز کی عیادت کے لیے سیاسی رہنماؤں اور اہم شخصیات کی اسپتال آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی خصوصی ہدایت پر پی ٹی آئی کے وفد نے بھی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی، پھول پیش کیے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔