نگران حکومت مکمل طورپر غیر سیاسی ہے،قول و فعل سے ثابت کریںگے‘ڈاکٹر حسن عسکری

انتخابات میں جو بھی جیت کرآئے گا،اقتدار اسے سونپ کرچلے جائینگے،وزراء فیصلوں میں بااختیار ہونگے نگران کابینہ اپنے آزادانہ اورمنصفانہ فیصلوں سے انفرادی حیثیت نمایاں کریگی،فیصلے باہمی مشاورت سے ہونگے پروفیشنل ازم سے اچھے اوربہتر نتائج کا حصول ثابت کرینگے،توجہ آزاداورمنصفانہ الیکشن پر مرتکز ہے‘نگران وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 15 جون 2018 18:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 15 جون 2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجا ب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ انتخابات میں جو بھی جیت کر آئے گا،اقتدار اسے سونپ کر چلے جائیںگے۔نگران حکومت مکمل طورپر غیر سیاسی ہے ،اپنے قول و فعل سے ثابت کریںگے۔وزیراعلیٰ آفس میں آج منعقد ہونے والے نگران کابینہ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے حلف اٹھانے والے چار نئے وزراء کو مبارکباد دی اورکہا کہ منصفانہ الیکشن کے انعقاد پر بھر پور توجہ مرتکز کی جائے۔

کابینہ کے وزراء اپنے متعلقہ محکموں میں فیصلوں کیلئے بااختیار ہوںگے۔صوبائی کابینہ اپنے آزاد اورمنصفانہ فیصلوں سے انفرادی حیثیت نمایاں کرے گی۔کابینہ کے ارکان کیلئے ہمہ وقت میسر رہوں گا۔

(جاری ہے)

فیصلے باہمی مشاورت سے کریںگے۔اعمال اورافعال سے اجتماعیت اورغیر جانبداری واضح طورپر نظر آئے گی ۔الیکشن میں ہر جماعت کو برابری کی بنیاد پر مواقع فراہم کریںگے۔

ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ حکومتی امور کی انجام دہی میں قواعدو ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کیے جائیںگے۔ پروفیشنل ازم کے ذریعے اچھے اوربہتر نتائج کو ثابت کریں گے۔انہوںنے کہاکہ الیکشن کے انعقاد کیلئے سکولوں میں کم ازکم سہولتوں کی ضرورت کو پوراکیا جائے گا ۔الیکشن قریب آتے ہی متعلقہ محکموں کی ذمہ داریاں بڑھیں گی۔جس کیلئے سب کو خلوص نیت سے کاوشیں کرنا ہوںگی۔

صوبائی وزراء نے نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت اور بروقت الیکشن کے مینڈیٹ پر پورا اتریںگے۔ سرکاری محکموں میں پروفیشنل ازم اورمیرٹ کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا۔وزراء نے کیبنٹ اجلاس میں عوام کی فلاح وبہبود اورخدمت کے مختلف پروگراموں اورپراجیکٹ پر تبادلہ خیال بھی کیا ۔قبل ازیں نئے آنے والے وزراء چوہدری فیصل مشتاق،میاں نعمان کبیر،سردار تنویرالیاس خان اورسعید اللہ بابر کا تعارف کرایاگیا۔