ہم نظریات پر مخالفت کرتے ہیں کسی کے ذاتی معاملات پر رائے دینا مناسب عمل نہیں ، مولانا فضل الرحمن

جمعہ 15 جون 2018 16:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 15 جون 2018ء)جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ ومتحدہ مجلس عمل کے مرکزی صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہم نظریات پر مخالفت کرتے ہیں کسی کے ذاتی معاملات پر رائے دینا مناسب عمل نہیں ، عید پر کسی سے کوئی گلا شکوہ نہیں کرنا چاہیے۔ ہر سیاسی رہنما اور عوام کو ملک وملت کی بہتری اور پاکستان کی سا لمیت کیلئے کام کرنا چاہیے۔

اگر دینی سیاسی قوتوں کے راستے میں روکاوٹ نہ ڈالی گئی تو متحدہ مجلس عمل پنجاب سمیت ملک بھر سے اچھے سکور سے انتخابات میں کامیاب ہوگی ،متحدہ مجلس عمل کی کامیابی کیلئے مبارک مہینے میں لاکھوں لوگوں نے دعائیں اور محنت کی ہے۔ رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں کو جھوٹے الزامات اور لغو باتیں کرکے ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

عید الفطر رمضان المبارک کے روزوں کا اللہ کی طرف سے انعام کا دن ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جے یوآئی ضلع فیصل آباد کے امیر اور متحدہ مجلس عمل کے ضلعی صدر مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ ، شیخ عرفان الٰہی ودیگر کی جانب سے ختم قرآن کی مبارکباد وصول کرتے ہوئے اپنی رہائش گاہ اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا فیصل آباد میں متحدہ مجلس عمل کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ روکاوٹوں کے باوجود پنجاب میں ایم ایم اے کی انتخابات میں کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔انہوں نے ضلعی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ بھرپور محنت جاری رکھیں۔ پنجاب اور ملک بھر سے انتخابات میں حیران کن نتائج دیں گے۔