خیبرپختونخوا کی واحد حکومت ہے جس نے اپنے وسائل پر وفاق کے عدم تعاون کے باوجودسوات ایکسپریس وے اور بی آرٹی جیسے ملٹی بلین روپے کے میگا پراجیکٹس شروع کیے،

مخالفین دکھائیں اُنہوں نے کونسے ایسے بڑے منصوبے شروع یا مکمل کیے ، تنقید کرنا بڑا آسان ہوتا مگر کام کرنا مشکل ہوتا ہے ،بی آرٹی پشاور منصوبہ وفاقی حکومت کے عدم تعاون کی بدولت دیر سے شروع کیا گیا لیکن یہ پھر بھی آٹھ یا نو مہینے کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا ،کوئی بھی دنیا میں یہ نہیں دکھا سکتا کہ اتنا بڑا منصوبہ اتنے کم عرصے میں مکمل ہو اہو،اسلام آباد اور ملتان میٹرو بھی اس سے زیادہ وقت میں مکمل ہوئے ،میڈیا منفی باتوں کو تو بہت اچھالتا ہے مگر سوات موٹر وے اور بی آر ٹی جیسے عوامی مفاد کے منصوبوں کے مثبت پہلو نظرانداز کردیتا ہے ، ہم نے پانچ سال میں دس نئی یونیورسٹیاں بنائیں جبکہ 3نئے کیمپس قائم کیے،صوابی ،دیر اور نوشہرہ میں میڈیکل کالجز پربھی کام شروع کرچکے ہیں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا فاطمہ الفہری گرلز سکول کا افتتاح اور ویمن یونیورسٹی کے سنگ بنیاد تقریب سے خطاب

بدھ 23 مئی 2018 23:12

․مردان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 23 مئی 2018ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبوں میں سے واحد حکومت ہے جس نے اپنے وسائل پر وفاق کے عدم تعاون کی پالیسی کے باوجودسوات ایکسپریس وے اور بی آرٹی جیسے ملٹی بلین روپے کے میگا پراجیکٹس شروع کیے، ہیں ہمارے مخالفین دکھائیں کہ اُنہوں نے کونسے ایسے بڑے منصوبے شروع یا مکمل کیے ، تنقید کرنا بڑا آسان ہوتا مگر کام کرنا مشکل ہوتا ہے ،بی آرٹی پشاور منصوبہ وفاقی حکومت کے عدم تعاون کی بدولت دیر سے شروع کیا گیا ،لیکن یہ منصوبہ پھر بھی آٹھ یا نو مہینے کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا ،کوئی بھی دنیا میں یہ نہیں دکھا سکتا کہ اتنا بڑا منصوبہ اتنے کم عرصے میں مکمل ہو اہو،اسلام آباد اور ملتان میٹرو بھی اس سے زیادہ وقت میں مکمل ہوئے ہیں ،میڈیا منفی باتوں کو تو بہت اچھالتا ہے مگر سوات موٹر وے اور بی آر ٹی جیسے عوامی مفاد کے منصوبوں کے مثبت پہلو نظرانداز کردیتا ہے ،اس میں ان کا قصور بھی نہیں کیونکہ ہمارے ہاں منفی چیزوں کو زیادہ اجاگر کرنے کا رجحان ہے ،ہم نے پانچ سال میں دس نئی یونیورسٹیاں بنائیں جبکہ تین نئے کیمپس قائم کیے ۔

(جاری ہے)

صوابی ،دیر اور نوشہرہ میں میڈیکل کالجز کام شروع کرچکے ہیں ۔ وہ مردان میں فاطمہ الفہری گرلز ماڈل سکول کے افتتاح اوربعد ازاں ویمن یونیورسٹی کی عمارت کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان اور یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے بھی خطاب کیا ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ ترقیافتہ ممالک نے اپنے لوگوں کو یکساں نظام تعلیم دینے کیساتھ میرٹ و انصاف کا نظام نافذ کیا تو وہاں غریب و امیر کے مابین فرق مٹ گیا کیونکہ وہاں سب کو ایک ہی جیسی تعلیم اور مواقع دئے گئے ، ہمارے یہاں غریب ،درمیانہ اور امیرطبقات پرمشتمل طبقاتی نظام کو پروان چڑھایا گیاجس کی بنیادی وجہ تعلیم کی کمی اور حکومتوں کی جانب سے ہر شعبے میں سیاسی مداخلت ہے ،ہماری حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے صوبے میں سرکاری سکولوں اور ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے پر توجہ دی اور خاص کر خواتین کے تعلیم کو ترجیح دی جس سے کافی فرق پڑا ہے اور تعلیم کے شعبے میں کی گئی اصلاحات کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

وزیر اعلیٰ کو بتایاگیا کہ 600 کنال اراضی پر یونیورسٹی عمارت ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی جس میں جدید دور کی تمام سہولیات میسر ہوں گی ۔اس موقع پر کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی ، ڈپٹی کمشنر عثمان محسود ، ڈی پی او محمد خرم رشید ، ڈبلیو ایس ایس ایم کے چیف انجنئیر ناصر غفور،سی اینڈ ڈبلیو کے حکام ،ڈی ای او ثمینہ غنی ،یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طالبات اور ضلع کونسل ،تحصیل کونسل کے ارکان اور دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے ،ہم اقتدار میں آئے تو صوبے میں 170 ڈگری کالجز تھے ہم نے الحمدللہ پانچ سال میں 47 نئے کالجز قائم کئے جبکہ 74 نئے کالجز پر کام جاری ہے ،صوبے کے 90 کالجز میں بی ایس پروگرام شروع کیا گیا جبکہ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے ذریعے اساتذہ کی حاضری یقینی بنائی گئی ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خواتین کی تعلیم ہمارے اولین ترجیحات میں سے ہے ،صوبے میں ستر فیصد نئے تعلیمی ادارے لڑکیوں کے کیے بنائے جارہے ہیں کیونکہ خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا بہت ضروری ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کالج کے مختلف امتحانات میں نمایا ںپوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کئے ،وائس چانسلر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزیر اور ایم پی ایز کو شیلڈ پیش کیے ۔

قبل ازیںوزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے وزیر تعلیم محمد عاطف خان کے ہمراہ مردان میں بخشالی روڈ پر فاطمہ الفہری گرلز ماڈل سکول کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر سکول کی وائس پرنسپل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 87 کنال اراضی پر یہ سکول 32 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے سکول میں رکھے گئے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے ۔