تحریک انصاف کی مرکزی رہنمافوزیہ قصوری نے پارٹی سے راہیں جدا کر لیں

2013 کےبعد پارٹی راستے سے دور ہوتی گئی،میرے لیے پارٹی کے حالیہ فیصلوں کا دفاع ممکن نہیں اس لیے پارٹی رکنیت سے مستعفی ہو رہی ہوں ، فوزیہ قصوری

بدھ 23 مئی 2018 20:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 23 مئی 2018ء):تحریک انصاف کی مرکزی رہنمافوزیہ قصوری نے پارٹی سے راہیں جدا کر لیں۔فوزیہ قصوری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ 2013 کےبعد پارٹی راستے سے دور ہوتی گئی،میرے لیے پارٹی کے حالیہ فیصلوں کا دفاع ممکن نہیں اس لیے پارٹی رکنیت سے مستعفی ہو رہی ہوں۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی مرکزی رہنمافوزیہ قصوری نے پارٹی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

2013 کےبعد پارٹی راستے سے دور ہوتی گئی۔تبدیلی کےخواہشمند لوگوں نے پی ٹی آئی سے امیدیں وابستہ کیں۔انکا کہنا تھا کہ پارٹی کےکارکنوں نے جانیں دیں،قربانیوں کو نظر اندازکیا گیا۔میرے لیے پارٹی کے حالیہ فیصلوں کا دفاع ممکن نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہےآپ وزیراعظم بن کرتبدیلی کاوعدہ پورا کریں گے۔

(جاری ہے)

اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ پر انہوں نے اپنے استعفے کی تصویر بھی شئیر کی۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں بھی پھوٹ پڑنے کی خبریں منظر عام پر آ رہی ہے ہیں۔چند روز قبل تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے کر ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔گزشتہ روز کامونکے سے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی رانا عمر نذیرجو تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں کے مقابلے میں 2013میں تحریک انصاف کے امیدوار ذوالفقار علی بھنڈر نے ماڈ ل ٹاؤن میں حمزہ شہباز سے ملاقات کی اورن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنما شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں نااہلی کے معاملے پر شدید تلخ کلامی ہوئی تھی اور جہانگیر ترین نے بھی پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی سے جاتے ہوئے پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرنے کا عندیہ دیا تھا۔