کیپٹن (ر) صفدر کا اپنی ہی جماعت کے مشیر ہوابازی سردار مہتاب خان پراظہار عدم اعتماد

ہزارہ ایئرپورٹ کیلئے 50کروڑ فنڈز ڈی سی او مانسہرہ کے پاس پڑے ہیں ،یک شخص نے سیکشن فور پر عملدرآمد سے روک دیا ہے،مشیر ہوابازی سردار مہتاب کو ہدایات دینے سے کچھ نہیں ہو گا، سیکر ٹری ایوی ایشن کو ہدایات دی جائیں کہ فنڈز متاثرین میں تقسیم کئے جائیں مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

منگل 22 مئی 2018 21:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 22 مئی 2018ء)مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے اپنی ہی جماعت کے مشیر ہوابازی سردار مہتاب خان پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہزارہ ایئرپورٹ کیلئے 50کروڑ فنڈز ڈی سی او مانسہرہ کے پاس پڑے ہیں مگر ایک شخص نے سیکشن فور پر عملدرآمد سے روک دیا ہے،مشیر ہوابازی سردار مہتاب کو ہدایات دینے سے کچھ نہیں ہو گا، سیکر ٹری ایوی ایشن کو ہدایات دی جائیں کہ فنڈز متاثرین میں تقسیم کئے جائیں۔

منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر کیپٹن (ر)محمد صفدر نے کہا کہ میں اپنے چھوٹے صوبے خیبر پختونخوا کی بات کرنا چاہتا ہوں، ہزارہ میں ڈرائی پورٹ اور ایئرپورٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بجٹ میں اس حوالے سے فنڈز مختص کئے گئے۔ اس کے علاوہ سیکشن فور کیلئے ڈی سی کے پاس 50 کروڑ کی رقم بھی ہے،مگر وہاں ایک شخص نے سیکشن فور کو عملدرآمد سے روک دیا ہے، اس ایوان نے قرار داد پاس کی مگر اس کو بھی اہمیت نہیں دی گئی، شیخ آفتاب سے درخواست کرتا ہوں کہ پارلیمان نے جو قرارداد پاس کی ہے اس پر کتنا عمل ہوا ہے جس پر شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پہلے یہ ایشو اٹھایا گیا تھا اور اس پر رابطے ہوئے تھے۔

ایوی ایشن سردار مہتاب کے پاس ہے میں ان سے بات کرتا ہوں اور سیکشن فور کے حوالے سے فنڈز جاری کرتے ہیں۔ اس علاقے میں ایئرپورٹ اہم معاملہ ہے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ یہ انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور سی پیک کے حوالے سے بھی اس کی اہمیت ہے۔ اس کے علاوہ سیاحت کے حوالے سے اس کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ جس پر کیپٹن(ر) محمد صفدر نے کہا کہ سردار مہتاب نان ٹیکنیکل شخص ہے ان کو اگر آپ نے کہنا ہے تو پھر کام نہیں ہو گا، برائے مہربانی سیکرٹری ایوی ایشن کو ہدایات جاری کی جائیں، سردار مہتاب تو31مئی کو فارغ ہو جائیں گے، انہوں نے کہا کہ مانسہرہ اور اس سے ملحقہ دیگر علاقوں کے لوگوں کو ایئرپورٹ کی شدید ضرورت ہے۔