18ء کے انتخابات میں ووٹ کو ضرور عزت ملے گی، نواز شریف

نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے دِن رات کوشش کی لیکن مخالف قوتوں نے نوازشریف کے خواب کو شرمندئہ تعبیر نہیں ہونے دیا جو شخص پاکستان کی خدمت کرتا ہے اُس کو کرپٹ اور غدار کہا جاتا ہے،تمام فیصلوں کو عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے، چشتیاں میں مسلم لیگ (ن) کے ورکر کنونشن سے خطاب

پیر 21 مئی 2018 23:08

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 21 مئی 2018ء)سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ 2018 ء کے انتخابات میں ووٹ کو ضرور عزت ملے گی۔ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے دِن رات کوشش کی لیکن مخالف قوتوں نے نوازشریف کے خواب کو شرمندئہ تعبیر نہیں ہونے دیا۔ جو شخص پاکستان کی خدمت کرتا ہے اُس کو کرپٹ اور غدار کہا جاتا ہے۔

تمام فیصلوں کو عوام نے یکسر مسترد کردیا ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے چشتیاں میں مسلم لیگ (ن) کے ورکر کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔ اِس موقع پر مسلم لیگی ارکانِ اسمبلی اور عہدیداران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے پھرتے ہیں۔ اِن کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

سابق ادوار میں 20گھنٹہ کی لوڈشیڈنگ کی جاتی رہی ہے مگر ہماری حکومت نے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔

وطن عزیز سے دہشت گردی کو ختم کر کے ملک کا امن و سکون بحال کیا ہے۔ جنوبی پنجاب میں پنجاب حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں۔ میڈیکل کالجز، یونیورسٹیوں کا قیام اور گرلز کالجز سمیت سڑکوں کے جال بچھائے ہیں۔ جس کی بناء پر 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو زیادہ سے زیادہ ووٹ ملیں گے اور (ن) لیگ دوبارہ اقتدار میں آکر پہلے سے 10گنا زیادہ عوام کی خدمت کرے گی۔

ہماری حکومت نے شعبہ زراعت سے منسلک کاشتکاروں کو کھاد سستی کرکے بہت سی مراعات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا تھا لیکن ہمارے خلاف ہونے والے غلط فیصلوں نے خوشحالی کو بریک لگا دی ہے۔ 2018؁ء کے الیکشن میں نوجوان، بوڑھے زیادہ سے زیادہ (ن) لیگ ووٹ دیں تاکہ نوجوانوں کو روزگار اُن کے سر پر چھت اور عوام کو اُن کے حقوق دیا جاسکے۔

اِنشاء اللہ آئندہ الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر عوام کی دہلیز پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے سب تحصیل ڈاہرانوالہ کو تحصیل کا درجہ دینے کے لئے میاں شہباز شریف سے سفارش کرنے کا بھی وعدہ کیا۔ اِس موقع پر مسلم لیگی رہنما محترمہ مریم نواز نے کہا کہ (ن) لیگی حکومت نے اپنے دورِ اقتدار میں جنوبی پنجاب میں سڑکوں کے جال بچھائے ہیں۔

عوام کو ایسا وزیراعلیٰ کبھی نہیں مل سکتا۔ آئندہ الیکشن میں مخالفین کے پاس سیاست کرنے کے لئے کوئی ایشو نہیں رہا۔ پانچ سالہ دورِ اقتدار میں عوام کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگی حکومت نے دس ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے۔ نوازشریف نے ہزاروں میل لمبی سڑکیں بنائی ہیں۔ ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ نے تمام تر مخالفتوں کے باوجود فتح حاصل کی اور پاکستان و آزاد کشمیر سمیت غیور عوام مخالفین کی باتوں پر کان نہیں دھرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 2018ء کے الیکشن میں پولنگ کے روز چاہے طوفان آجائے گھر سے نکل کر (ن) لیگ کو ووٹ کاسٹ کریں۔کنونشن میں میاں نوازشریف نے ووٹ کو عزت دو کے فلک شگاف نعرے لگوائے۔ ۔