پاکستان میں عید الفطر کب منائی جائے گی،رویت ہلال کونسل نے بڑی پیش گوئی کر دی

پہلا روزہ جمعرات 17 مئی عید الفطر16 جون کومنائی جائے گی،شوال کا چاند 29 رمضان المبارک بمطابق 14 جون کودکھائی نہیں دے گا، ماہرین

منگل 15 مئی 2018 22:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 15 مئی 2018ء) رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پیش گوئی کی ہے کہ رمضان المبارک 1439 ہجری کا چاند منگل کوپیدا ہوگا جس کے بعد پہلا روزہ جمعرات 17 مئی جبکہ عید الفطر16 جون کومنائی جائے گی۔پیر کو ایک نجی ٹی وی کے مطابق رویت ہلال ریسرچ کونسل کی سیکرٹری جنرل خالد اعجازمفتیکا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 15 مئی کی سہہ پہر4 بج کر48 منٹ پرپیدا ہوگا، جسے 16 مئی بدھ کی شام غروب آفتاب کے وقت لاہورسمیت ملک کے تمام شہروں میں با آسانی دیکھا جاسکے گا، 16 مئی بدھ کی شام پاکستان کے تمام شہروں میں چاند کی عمر26 گھنٹے سے زائد ہوگی، جس کی وجہ سے 29 شعبان المعظم کی شام رمضان المبارک کا چاند نظرآنے کے قوی امکانات ہیں۔

خالد اعجازمفتی یہ بھی کہتے ہیں کہ نیا چاند اس وقت تک دکھائی نہیں دیتا جب تک اس کی عمرغروب آفتاب کے وقت کم ازکم 19 گھنٹے نہ ہو، اسی طرح چاند دکھائی دینے کیلئے سورج اورچاند کے غروب ہونے کا درمیانی فرق کم ازکم 40 منٹ ہونا چاہیے، یہ فرق پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اورلاہورمیں 58 منٹ جبکہ کوئٹہ اورکراچی میں 60 منٹ ہوگا۔

(جاری ہے)

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق سب سے زیادہ فرق گوادر،  جیوانی، پنجگور اورتربت میں 61 منٹ ہوگا،  چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم ازکم 6 ڈگری اورچاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم ازکم 10 ڈگری ہونا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق شوال کا چاند 29 رمضان المبارک بمطابق 14 جون کو دکھائی نہیں دے گا، اس سال 30 روزے ہوں گے اور عیدالفطر 16 جون کومنائی جائے گی، چاند کی رویت کا شرعی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 16 مئی کو کراچی، زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔