نواز شریف کا پارٹی کو فعال اور متحرک کرنے کیلئے اہم فیصلہ

نوازشریف کا پارٹی کو متحرک اور فعال بنانے کیلئے منتخب نمائندوں سے براہ راست مشاورت کا فیصلہ، مختلف ڈویژنز کے ارکان پارلیمنٹ اور بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مشاورت کا شیڈول طے ،نوازشریف(آج) راولپنڈی اور سرگودھا ڈویژنز کے ارکان پارلیمنٹ اور بلدیاتی نمائندوں ،27 اپریل کو گوجرانوالہ اور فیصل آباد اور تیس اپریل کو بہاولپور اور ملتان ڈویژن کے نمائندوں سے ملیں گے

بدھ 25 اپریل 2018 20:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 25 اپریل 2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف کا پارٹی کو متحرک اور فعال بنانے کے لیے منتخب نمائندوں سے براہ راست مشاورت کا فیصلہ، مختلف ڈویژنز کے ارکان پارلیمنٹ اور بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مشاورت کا شیڈول طے ہوگیا،نوازشریف(آج) جمعرات کو راولپنڈی اور سرگودھا ڈویژنز کے ارکان پارلیمنٹ اور بلدیاتی نمائندوں ،27 اپریل کو گوجرانوالہ اور فیصل آباد اور تیس اپریل کو بہاولپور اور ملتان ڈویژن کے نمائندوں سے ملیں گے۔

بدھ کو سابق وزیراعظم نوازشریف سے مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفرالحق نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر مشاورت کی گئی ، ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے مسلم لیگ ن کو متحرک اور فعال بنانے کے لیے منتخب نمائندوں سے براہ راست مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ان کا مختلف ڈویژنز کے ارکان پارلیمنٹ اور بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مشاورت کا شیڈول طے ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

نوازشریف(آج) جمعرات کو راولپنڈی اور سرگودھا ڈویژنز کے ارکان پارلیمنٹ اور بلدیاتی نمائندوں کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے، ستائیس اپریل کو گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے منتخب نمائندوں سے ملاقات کریں گے اور تیس اپریل کو بہاولپور اور ملتان ڈویژن کے نمائندوں سے ملیں گے۔ نوازشریف کی زیرصدارت اجلاسوں میں پارٹی کے مرکزی قائدین بھی شریک ہوں گے ، وہ ارکان پارلیمنٹ اور منتخب نمائندوں سے سیاسی صورتحال اور انتخابی حکمت عملی پر مشاورت کریں گے۔