لندن سے تشویش ناک خبر، نواز شریف نے غم زدہ حالت میں قوم سے دردمندانہ اپیل کردی

جمعرات 19 اپریل 2018 23:51

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 19 اپریل 2018ء)سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی ریڈیو تھراپی جاری ہے۔تازہ ترین ٹیسٹ میں ان کے جسم میں کینسر کے بڑھنے کی تشخیص ہوئی ہے عوام دنیا بھر کے مریضوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن میںنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کا علاج ابھی جاری ہے اور ان کے کیمو تھراپی کے 6 سیشن مکمل ہو چکے ہیں اور تازہ ترین ٹیسٹ میں ان کے جسم میں کینسر کے بڑھنے کی تشخیص ہوئی ہے۔

نواز شریف نے بتایا کہ اس کے علاوہ بھی بیگم کلثوم نواز کو مسائل ہیں جس کی وجہ سے وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں، تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ دنیا بھر کے مریضوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

(جاری ہے)

بیگم کلثوم نواز لندن کے پرنسز گریس اسپتال میں زیر علاج ہیں اور نواز شریف اپنی بیٹی مریم کے ہمراہ گزشتہ روز اپنی اہلیہ کی عیادت کے لیے لندن پہنچے تھے۔

لندن پہنچنے پر پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا ہیتھرو ایئرپورٹ پر استقبال کیا تھا۔دوسری جانب شریف خاندان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز شدید علیل ہیں اور کچھ روز سے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے گزشتہ روز والدہ سے ملاقات کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کیں اور کہا کہ 5 ماہ کے طویل عرصے کے بعد والدہ سے ملاقات ہوئی ہے اور وہ بہت کمزور دکھائی دے رہی ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی گفتگو نہیں کریں گے اور لندن میں کب تک قیام کریں گے اس حوالے سے کل تک پتا چل جائے گا۔ یاد رہے کہ شریف خاندان کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 23 اپریل کے لیے مقرر ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے ٹکٹ پر واپسی کی تاریخ 22 اپریل درج تھی جب کہ لندن روانگی سے قبل مریم نواز کا اپنے ٹوئٹر بیان میں کہنا تھا کہ اگر حاضری سے اسثنیٰ نہ ملا تو وہ آئندہ سماعت سے پہلے واپس آجائیں گے۔