نیب کا سعد رفیق کے خلاف شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم

وفاقی وزیر قومی وسائل کے بے دریغ استعمال اور پاکستان ریلوے کی قیمتی اراضی کے قواعد کے خلاف لیز پر دینے کا الزام ہے،نیب ااعلامیہ

جمعرات 19 اپریل 2018 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 19 اپریل 2018ء) وفاقی احتساب بیورو (نیب) نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر سعد رفیق کے خلاف قومی وسائل کے بے دریغ استعمال کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی احتساب بیورو کے مطابق قومی وسائل کا بے دریغ استعمال ریلوئے لوکو موٹو کی مرمت والی مشینوں کی خریداری پر ہوا اور سعد رفیق پر ریلوے کی قیمتی اراضی کے قواعد کے خلاف لیز پر دینے کا بھی الزام ہے۔

گزشتہ روز ڈی جی نیب پنجاب نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کی پراپرٹی کے لین دین میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔خیال رہے کہ چند روز قبل خواجہ سعد رفیق کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری طلب کر کے ریلوے میں 60 ارب روپے کی کرپشن کے حوالے سے پوچھ گچھ کی تھی جبکہ چیف جسٹس نے وزیر ریلوئے پاکستان ریلوے کا مکمل آڈٹ کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔