پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ،یہ پاکستانی قوم کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے پاک ہو رہا ہے اور امن کے اجالے نظر آ رہے ہیں،

دہشتگردی کیخلاف پاکستانی قوم کا جذبہ لائق تحسین ہے، ہم نے قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان تک بڑے بڑے سنگ میل عبور کئے ہیں اور ایک خوشحال پاکستان ابھر کر سامنے آ رہا ہے، دھرتی کے بیٹوں اور بیٹیوں نے اس مقصد کی خاطر اپنے لہو سے چراغ جلائے ہیں، 23 مارچ کا دن پاکستان کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے،آج کے دن یہ عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے ، باہم مل کر اور متحد ہو کر پیار اور محبت کے دیئے جلائیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ، پاکستانی قوم نے یکجا ہو کر ہمیشہ مثالی کارنامے سر انجام دیے ہیںاور کامیاب ہوئی ہے ،عدم برداشت جیسی عفریت سے چھٹکارہ پانے کیلئے اخوت و اتحاد اور بھائی چارے کی ضرورت ہے، قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت کاکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان سویٹ ہوم کی رکنیت سازی کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے پی ٹی وی آئندہ ہفتے ایک مہم شروع کرے گا وزیر مملکت اطلاعات ، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب کا پاکستان سویٹ ہومز میں ’’پاکستان ڈے پریڈ‘‘ کی تقریب سے خطاب

جمعہ 23 مارچ 2018 22:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 23 مارچ 2018ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ،یہ پاکستانی قوم کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے پاک ہو رہا ہے اور امن کے اجالے نظر آ رہے ہیں،دہشتگردی کیخلاف پاکستانی قوم کا جذبہ لائق تحسین ہے، ہم نے قیام پاکستان سے لے کر تعمیر پاکستان تک بڑے بڑے سنگ میل عبور کئے ہیں اور ایک خوشحال پاکستان ابھر کر سامنے آ رہا ہے، دھرتی کے بیٹوں اور بیٹیوں نے اس مقصد کی خاطر اپنے لہو سے چراغ جلائے ہیں، 23 مارچ کا دن پاکستان کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے،آج کے دن یہ عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے ، باہم مل کر اور متحد ہو کر پیار اور محبت کے دیئے جلائیں گے اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ، پاکستانی قوم نے یکجا ہو کر ہمیشہ مثالی کارنامے سر انجام دیے ہیںاور کامیاب ہوئی ہے ،عدم برداشت جیسی عفریت سے چھٹکارہ پانے کیلئے اخوت و اتحاد اور بھائی چارے کی ضرورت ہے، قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت کاکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان سویٹ ہوم کی رکنیت سازی کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے پی ٹی وی آئندہ ہفتے ایک مہم شروع کرے گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو یہاں پاکستان سویٹ ہومز میں یوم پاکستان کے حوالے سے ’’پاکستان ڈے پریڈ‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ 23 مارچ یوم پاکستان کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس روز قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی اور علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر کے لئے قائداعظم محمد علی جناح نے تحریک کی بنیاد رکھی اور ہر شخص نے اس میں اپنا کردار ادا کیا اور تحریک کی کامیابی سے پاکستان معرض وجود میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں کے ساتھ شامل ہونے کے علاوہ یہ عہد کرنے کی بھی ضرورت ہے کہ ہم سب اپنی زندگیوں میں ان بچوں کو شامل کریں جن کے والدین دہشت گردی میں یا ایسے والدین جن کے بچے دہشت گردی کی جنگ میں شہید ہوئے ہیں، ان کو اپنی زندگیوں میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں جب بھی پاکستان سویٹ ہومز میں آتی ہوں تو میری کوئی سیاسی وابستگی نہیں ہوتی کیونکہ قوم کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت کا کام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ زمرد خان پرعزم ہیں اور ان کی ٹیم، ڈونرز اور سول سوسائٹی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں جس سے پاکستان سویٹ ہومز میں ہزاروں بچے تعلیم و تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب 1947ء میں ملک قائم ہوا تھا تو تعمیرِ پاکستان کا سفر شروع ہوا اور اب بھی بہت سا سفر باقی ہے، تاہم ہم نے بڑے بڑے سنگ میل عبور کئے ہیں اور ایک خوشحال پاکستان ابھر کر سامنے آرہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ تمام لوگ جنہوں نے قیام پاکستان کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں اور نذرانے پیش کئے، ان کا لہو بھی تعمیر پاکستان میں شامل ہے، ہم سب کو مل کر انہیں خراج عقیدت پیش کرنا چاہیے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ عدم برداشت کا رویہ بہت بڑھ چکا ہے اور آج کے اس اہم قومی دن کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم سب باہم مل کراور متحد ہو کر پیار اور محبت کے دیئے جلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان اتحاد ،تنظیم اور یقین محکم کی روشنی میں محبت ، اخوت، اتحاداور تنظیم کیلئے مل کر کام کریں ۔انہوں نے ملک کے لئے قربانیاں دینے والوں اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ ہمارا کام ہے کہ ہم ملک کی تعمیر کریں اور اس کو ترقی کا گہوارہ بنا دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز کا مقصد بہت اعلیٰ ہے اور تمام لوگ جو پاکستان سویٹ ہومز کے لئے عطیات دیتے ہیں، اللہ ان کی کاوشوں کو قبول کرے، عطیات دینے والوں کی خدمات قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمرد خان سے ہر ملاقات کے بعد ان کی آنکھوں میں خوشی کی چمک بڑھی ہوئی دیکھی ہے جو ان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ وزیر مملکت نے تقریب میں شامل مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو پاکستان سویٹ ہومز کا حصہ بننے کا کہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز کی رکنیت سازی کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے کیلئے پاکستان ٹیلی ویژن آئندہ ہفتے ایک مہم شروع کرے گا اور اس نیک مقصد کیلئے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے وزارت اطلاعات اپنا کردار ادا کرے گی۔ تقریب میں پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔