مارشل لا خواہ کسی بھی شکل میں ہو اسے مستردکرتے ہیں،سراج الحق

جمعہ 23 مارچ 2018 21:27

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 23 مارچ 2018ء)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے جوڈیشل مارشل لاء کی تجویز دی ہے، ہم مارشل لاء کی ہر شکل کو مسترد کرتے ہیں۔ چیف جسٹس کا شکریہ کہ انہوں نے جوڈیشل مارشل لاء کی مخالفت کی۔ ہم جمہوریت کے خواہاں ہیں لیکن ٹرمپ والی جمہوریت کے نہیں، ہم اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کی جمہوریت کے حامی ہیں۔

پاکستان اسلام کے لئے بنا ہے اور اسے ایک اسلامی سپر طاقت بنائیں گے۔پاکستان اللہ کی رحمت اور ہمارے لئے ماں کی گود اور مسجد کی طرح ہے۔ ہندوستان، امریکہ یا اسرائیل نے پاکستان کی طرف بری نظر سے دیکھا تو ان کی آنکھیں نکال دیں گے۔ ہمارے نوجوانوں نے پاکستان کے لئے قربانیاں دی ہیں، ہم نوجوانوں کے لئے ایوانوں کے دروازے کھولنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم ترقی اور نوجوانوں کے لئے روزگار کی بات کرتے ہیں حکومت میں آکر نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور کھیل کے میدان دیں گے۔ پشاور زلمی کو فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دیتا ہوں، ساری ٹیمیں ہماری ہیں لیکن خواہش ہے کہ پی ایس ایل فائنل پشاور زلمی ہی جیتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کے جناح پارک میں جے آئی یوتھ کے زیر اہتمام دوروزہ پشاور یوتھ فیسٹیول کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پشاور یوتھ فیسٹیول سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان ، جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر محمد زبیر گوندل، صوبائی صدر عبدالغفار، ضلعی صدر محمد صدیق الرحمن پراچہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع، مرکزی رہنما انتخاب خان چمکنی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ و دیگر بھی شریک تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے اپنے خطاب میںکہا کہ پاکستان چند وڈیروں یا جاگیرداروں کا نہیں اکیس کروڑ عوام کا ہے، پاکستان ایک نظریہ ، فلسفہ اور نصب العین ہے، پاکستان مدینہ کی اسلامی ریاست کی طرح ایک ریاست قائم کرنے اور دنیا کے سامنے ماڈل پیش کرنے کا نام ہے۔ پاکستان مدینہ کے بعد اس زمین پر مقدس ترین مقام ہے۔ اس کی حفاظت کرنا اور اس کے لئے لڑنا جہاد ہے، ہم اس کی حفاظت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان شیر دل ہیں۔ ان نوجوانوں کی موجودگی میں کوئی ہمیں سپر پاؤر بننے سے نہیں روک سکتا ، پاکستان انشاء اللہ اسلامی خوشحال اور سپر پاؤر پاکستان بنے گا۔ نوجوانوں نے قائد اعظم کا ساتھ دیا اور پاکستان بنایا تھا،ہم 23مارچ کے دن عہد کرتے ہیں کہ نوجوانوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو بچائیں گے، اس کو آگے بڑھائیں گے اور اسے عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے جینا مرنا دین اسلام کے لئے جینا مرنا ہے، ہم نے لا الہ الااللہ کے منشور اور سلوگن کو محفوظ بنانا ہے۔ جو لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان کو سیکولر ملک بننا چاہئے ۔ میں ان سے کہتا ہوں کہ قائد ، اقبال اور لاکھوں شہید ہونے والوں سے پوچھیں کہ انہوں پاکستان اور اسلام کی خاطر قربانیاں دی ہیں یا سیکولرازم یا لبرل ازم کے لئے۔

سیکولر ازم اور لبرل ازم قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جمہوریت پسند لوگ آمریت کو پسند نہیں کریں گے۔ ہزاروں نوجوانوں کی موجودگی میں کہتا ہوں کہ ہم کسی قسم کا مارشل لاء تسلیم نہیں کریں گے، پاکستان میں صرف اور صرف اسلامی نظام چلے گا اور اسلام کے سائے میں جمہوریت چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں ہمارے بچے روزگار سے محروم نہ رہیں، ہماری حکومت آئی تو ہر نوجوان کو روزگار دیں گے اور ہر یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کے میدان بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :