پنجاب ریفارمز روڈ میپ کے تحت تعلیم اور صحت کے شعبے میں پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعلی شہباز شریف کی لندن سے ویڈیو لنک کانفرنس

محرومیت اور ترقی کے درمیان خلا پورا کرنا ہو گا ،ترقی اور انقلاب دیکھنا ہے تو پنجاب میں دیکھیں : شہباز شریف تعلیم اور صحت میں ہم نے وہ کر دکھایا جو بھارت جیسا ملک بھی نہ کر سکا ، پنجاب نے صحیح سمت میں ترقی کا سفر شروع کیا ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے اداروں کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنا ہو گا ، بجٹ کے ثمرات عوام تک پہنچانا ضروری ہیں

جمعرات 22 مارچ 2018 22:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 22 مارچ 2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ترقی اور انقلاب دیکھنا ہے تو پنجاب میں دیکھیں - تعلیم اور صحت کے شعبے میں ہم نے وہ کر دکھایا جو بھارت جیسا ملک بھی نہ کر سکا - پنجاب نے صحیح سمت میں ترقی کا سفر شروع کیا ، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے اداروں کو سائنٹیفک بنیادوں پر استوار کرنا ہو گا- پنجاب ریفامز روڈ میپ کے تحت تعلیم اور صحت کے شعبہ میں پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی طور پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں بے پناہ کام کیا گیا ہے جو دیکھا جا سکتا ہے یہ کوئی کہانی نہیں ہے - یہ انمٹ حقیقت اور انمول سچ ہے - بجٹ کے ثمرات عوام تک پہنچنا بہت ضروری ہیں - محرومی اور ترقی کے درمیان خلا کو پورا کرنا ہو گا - جب تک اللہ تعالی نے طاقت دی خدمت کرتا رہوں گا-اجلاس میں پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب سکول ریفارمز روڈ میپ کے تحت پنجاب کے شعبہ تعلیم میں اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا -اجلاس میں بتایا گیا کہ معیار تعلیم کی بہتری ،ضروری سہولتوں کی فراہمی ، اساتذہ کی بھرتی ، ٹریننگ اور دیگر اختراعی امور کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں- پنجاب کے سرکاری سکولوں میں 2012ء سے 16 لاکھ بچوں کا اضافہ ہو چکا ہے - تعلیم کے بجٹ میں 8 سالوں میں 122 فیصد اضافہ ہوا -پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت ساڑھے تین لاکھ طلبہ کو سکالر شپ دیئے گئے جبکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت ساڑھی18 لاکھ بچوں نے داخلہ لیا - 11 ہزار کلاس رومز مکمل کئے جا چکے ہیں، ہائی اور مڈل سکولوں میں 8ہزارآئی ٹی لیبز قائم کی جا چکی ہیں، 2805 سکول اپ گریڈ کئے گئے جبکہ 74 سو سے زائد خطرناک عمارتوںکو بحال کیا گیا-معیار تعلیم کی بہتری کے لئے تعلیمی نصاب کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا- سکولوں کی مانیٹرنگ ، اعلی ترین نصابی کتب ، ٹیچر گائیڈ اور ٹیچر ٹریننگ کے ذریعے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں بہتری لائی گئی- بچوں کوپانچ کروڑ 30 لاکھ کتابیں ، ایک لاکھ ٹیچرز کی ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا- پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے تحت پانچویں اور آٹھویں جماعت کا 87 فیصد ریکارڈ رزلٹ حاصل ہوا- گزشتہ ایک سال میں 80 ہزار سے زائد بچوں نے سرکاری سکولوں میں داخلہ لیا- پنجاب کے 95 فیصد سے زائد سکولوں میں ہر سکول میں چار سے زائد اساتذہ موجودہیں - اس موقع پر ڈیفڈ کے مینجنگ پارٹنر ڈلیوری ایسوسی ایٹ مائیکل باربر، ہیڈآف مشن جوانہ ریڈ، یونیسیف کے چیف آف ہیلتھ کینڈی آنج وائی ، چیف فیلڈ آفس پنجاب ڈگلس ہیگنز، ورلڈ بنک کے نمائندے ڈاکٹر طیب مسعود ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے جمشید احمد، صوبائی وزراء رانا مشہود احمد، خواجہ عمران نذیر ، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز ، متعلقہ اداروں کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔