عمران خان پر عوامی رابطہ مہم کے دوران ن لیگ کے کارکنوں کی جانب سے حملہ کیے جانے کا خدشہ، تحریک انصاف کے کارکنوں نے مخالفین سے نمٹنے کیلئے "بلا فورس""تشکیل دے دی

بدھ 21 مارچ 2018 20:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 21 مارچ 2018ء) تحریک انصاف کے کارکنوں نے مخالفین سے نمٹنے کیلئے "بلا فورس""تشکیل دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے رہنماوں پر جوتے اور سیاہی پھینکے جانے کے واقعات کے بعد ن لیگ کے کارکن مشتعل دکھائی دیتے ہیں۔ نواز شریف، خواجہ آصف اور احسن اقبال پر جوتے اور سیاہی پھینکے جانے کے واقعات میں تحریک انصاف کی بجائے تحریک لبیک اور ن لیگ کے اپنے کارکن ملوث نکلے، تاہم اس کے باوجود لیگی کارکنوں اور رہنماوں نے ایسے واقعات کا ذمہ دار تحریک انصاف کی قیادت کو ٹھہرا دیا۔

ن لیگ کے کارکنوں اور رہنماوں نے ایسے واقعات کے اصل ذمہ داروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کی بجائے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر ایسے حملے کرنے کی دھمکی دی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں جاری تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم کے دوران ن لیگ کے کارکنوں نے عمران خان پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی ہے۔ ایسی صورتحال میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے بھی عمران خان کے دفاع کیلئے جوابی کاروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے "بلا فورس""نامی گروپ تشکیل دیا ہے جو جلسے جلوسوں میں عمران خان کی حفاظت کرے گا اور کسی بھی قسم کے حملے کو ناکام بنانے کی کوشش کرے گا۔