توہین عدالت کیس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ری نوٹس جاری

لاہور ہائی کورٹ نے کالا باغ ڈیم کی تعمیرکے حوالے سے 17مئی تک جواب طلب کر لیا

بدھ 21 مارچ 2018 19:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 21 مارچ 2018ء)لاہور ہائی کورٹ نے کالا باغ ڈیم کی تعمیرکے حوالے سے اقدامات نہ کرنے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ری نوٹس جاری کردیا ہے اور وزیراعظم سے 17 مئی تک جواب طلب کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار اے کے ڈوگر نے موقف اختیار کیا کہ ملک میں پانی کی قلت اور بجلی بحران کو ختم کرنے کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے۔

عدالتی فیصلے کی روشنی میں مشترکہ مفادات کونسل کو کالا باغ ڈیم بنانے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن تاحال عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بطور سربراہ مفادات کونسل عدالت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں۔لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ری نوٹس جاری کرتے ہوئے سترہ مئی کو جواب طلب کرلیا ہے۔