کسانوں میں سمارٹ فونز کی تقسیم حکومت پنجاب کا انقلابی قدم ہے‘عائشہ غوث پاشا

پی آئی ٹی بی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے 663,596افراد استفادہ کر چکے ہیں‘ ڈاکٹر عمر سیف

پیر 12 مارچ 2018 21:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 12 مارچ 2018ء)کسانون کو سمارٹ فونز کی فراہمی پنجاب حکومت کا انقلابی اقدام ہے۔ جس سے ملکی زراعت اور معیشت میں یقینی فائدہ ہوگا۔ یہ بات صوبائی وزیر ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے حکومت پنجاب کی جانب سے کسانون کو براہ راست رابطے کے پروگرام کے تحت سمارٹ فونز اور زرعی خدمات کی فراہمی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سمارٹ فونز کے استعمال سے متعلق کسی بھی قسم کی مشکل کی صورت میں پی آئی ٹی بی کی ہیلپ لائن 24گھنٹے مستقل بنیادوں پر رہنمائی کرے گی۔چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے محکمہ زراعت اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مشترکہ کاوشوں سے بے زمین کا شتکاروں کو قرضوں ، مالی امداد، مقامی آب وہوا کے مطابق پیداوار میں اضافے کیلئے کھاد، ادویات اور بیج سے متعلق مفت مشورے فراہم کرنے کیلئے ، پہلے مرحلے میں 16,911چھوٹے کاشتکاروں میں سمارٹ فون تقسیم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

روزانہ 14,523(85فیصد) کسان، سمارٹ فون استعمال کرتے ہیں، جن میں 77.39فیصد اردو، 13.92فیصد پنجابی اور 8.69فیصد سرائیکی بولنے والے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ٹیکنالوجی کا انقلاب پاکستان پہنچ چکا ہے۔اس مرحلہ وار پروگرام کے تحت خصوصی ایپلی کیشنز کے حامل ایک لاکھ دس ہزار سمارٹ فون کا شتکاروں میں تقسیم کئے جائیں گے۔جس سے نا خواندہ کاشتکار بھی زرعی ماہرین سے رابطے ، فصلوں کی کاشت کے موزوں وقت کے بارے میں آگاہی، منڈیوں تک آن لائن رسائی ،موسمی حالات، زرعی قرضہ جات اور سبسڈی کا حصول ، زرعی اخراجات اور منافع کے تخمینہ کے بارے میں با آسانی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ابتک 40لاکھ کاشتکاروں کو رجسٹر کیا جا چکا ہے جبکہ 5کروڑ70لاکھ دیہی اراضی کے مالکان کی تفصیلات کو ڈیجییٹیلائز کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے تحت پہلی بار پاکستان میں مائیکروفنانس اداروں کو منسلک کیا گیاہے۔ جس کے باعث کا شتکاروں کو بلا سود قرضے براہ راست ان کے فونز میں منتقل کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :