پنجاب ،خیبر پختوانخواہ کے منتخب اضلاع اور فاٹا میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع

پنجاب کے آٹھ اور خیبرپختونخوا کے سات اضلاع شامل ،ساڑھے چھتیس ہزار ٹیمیں گھر گھر جا کر قطرے پلائیں گی

پیر 12 مارچ 2018 14:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 12 مارچ 2018ء)پنجاب اورخیبر پختوانخواہ کے منتخب اضلاع اور فاٹا میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ۔پنجاب کے آٹھ ، خیبرپختونخوا کے سات اضلاع اوروفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے میںانسداد پولیو ٹیمیں گھرگھر جاکرپانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گی۔

(جاری ہے)

پنجاب میں لاہور، ڈیرہ غازی خان،ملتان، مظفرگڑھ، راجن پور، راولپنڈی، رحیم یارخان اورشیخوپورہ کے اضلاع میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے 17ہزار پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔خیبرپختونخوا میں پشاور ،چارسدہ، نوشہرہ،مردان، صوابی ،مالاکنڈ، سوات، دیربالا، دیرزیریں،چترال، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں،لکی مروت،ٹانک اورڈیرہ اسماعیل خان میں مہم چلائی جائے گی جس کیلئے ساڑھے 19ہزارٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔پولیو ٹیمیں ریلوے سٹیشنوں، بس اڈوں، عوامی مقامات اورافغان پناہ گزینوں کے کیمپوں پربھی موجود ہوں گی تاکہ ہربچے کوپولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کاعمل یقینی بنایاجاسکے۔پولیو ٹیموں کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔