مہاجر بچوں کو فراہم کردہ خدمات پر ترک صدر کے لئے عالمی امن ایوارڈ کا اعلان

پیر 12 مارچ 2018 16:09

انقرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 12 مارچ 2018ء) عالمی پیڈریاٹک ایسوسی ایشن نے مہاجر بچوں کو فراہم کردہ خدمات کے بدلے میں ترک صدر رجب طیب اردوان کو عالمی ایوارڈ برائے امن دینے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

ترک خبر رساں ادارے نے عالمی پیڈریاٹک ایسوسی ایشن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آئی پی اے کے خارجہ تعلقات کے ڈائریکٹر کرم حسن اوگلو کی دعوت پر ترکی کا دورہ کرنے والے وفد نے پناہ گزین بچوں کی دیکھ بھال اور سر پرستی کا نظام قریب سے دیکھنے کے لئے ترکی کے مہاجر کیمپوں کا دورہ کیا۔

دورے کے بعد وفد نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ ان مہاجر بچوں کی بہترین دیکھ بھال کے نتیجے میں ادارہ ترک صدر رجب طیب اردوان کو ’’عالمی ایوارڈ برائے امن‘‘ سے نوازے گا اور وہ اس کاوش پر تعریف اور امن ایوارڈ کے مستحق ہیں۔ واضح رہے کہ اس وقت ترکی میں تقریباً 15 لاکھ مہاجر بچے آباد ہیں جن کی دیکھ بھال کی ذمہ داری دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی بجائے ترک حکومت بخوبی نبھا رہی ہے جواعلی ظرفی کی بہترین مثال ہے۔