بیٹے کی سینٹ میں لڑائی ،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی تحریک انصاف سے معذرت

پیر 12 مارچ 2018 23:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 12 مارچ 2018ء)وزیر اعظم نے بیٹے کی جانب سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی حامد الحق کو تشدد کا نشانہ بنانے پر معذرت کر لی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق 4مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن کے بعد آج سینیٹ کے چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین کے انتخاب کا دن تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حکمران جماعت اور اپوزیشن کی جانب خوب سیاسی جوڑ توڑ کا مظاہرہ بھی کیا گیا تا ہم آج ہونے والے انتخاب میں اپوزیشن کا پلڑا رہا اور اپوزیشن کے نامزد امیدوار صادق سنجرانی نے 11ووٹوں کی لیڈ سے فتح حاصل کی جبکہ ڈپٹی چئیرمین کا انتخاب ابھی ہونے جا رہا ہے۔

چئیرمین کے انتخاب کے بعد اپوزیشن کی غیر متوقع کامیابی نے ماحول خراب کر دیا۔اسی دوران مبینہ طور پر وزیر اعظم کے بیٹے نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی حامد الحق پر تشدد کیا۔جس کے بعد اس بات کی تردید بھی کی گئی کہ تشدد کرنے والا وزیر اعظم کا بیٹا نہیں تا ہم وزیر مملکت مریم اورنگزیب کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اس معاملے پر تحریک انصاف سے معذرت کر لی ہے۔