کیا نیب لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے ،تذلیل کرنے کیلئے ہے، پیر کو پنجاب اسمبلی میں قرار داد پیش کرینگے‘ رانا ثناء اللہ

احد چیمہ کی گرفتاری جس انداز سے کی گئی وہ انتہائی قابل اعتراض ہے، نیب آئین اور قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرے مائنس نواز کے فارمولے پر کام کرنے والے 2018ء میں ناکام ہوں گے ،نواز شریف پلس ہیں اور پلس ہی رہیں گے‘ میڈیا سے گفتگو

جمعہ 23 فروری 2018 17:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 23 فروری 2018ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خاں نے کہا ہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری نیب نے جس انداز سے کی وہ انتہائی قابل اعتراض ہے، کیا نیب لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور تذلیل کرنے کے لیے ہے، پیر کو پنجاب اسمبلی میں نیب کے کردار سے متعلق قرار داد پیش کریں گے ، مائنس نواز کے فارمولے پر کام کرنے والے 2018 میں ناکام ہوں گے ،نواز شریف پلس ہیں اور پلس ہی رہیں گے۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین پارلیمنٹ کی تخلیق ہے، پارلیمنٹ کو آئین نے تخلیق نہیں کیا۔ آئین سپریم کورٹ سے بھی سپریم ہے اور سپریم کورٹ ایک آئینی ادارہ ہے، آئین میں دیئے گئے حقوق کا تحفظ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ایسے فیصلوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی،نواز شریف نے وہ کونسا جرم کیا ہے، جس کی بنیاد پر ان کو بطور ایک سیاسی جماعت کے صدر کے فیصلوں کو تحفظ نہیں دیا گیا،نواز شریف کا کیا یہ جرم ہے کہ موٹروے بنائی ،ملک کوایٹمی طاقت ملک کو بنایا،یا یہ جرم ہے کہ وہ ملک کے سب سے مقبول لیڈر ہیں۔

پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو سینٹ کے انتخابات سے آئوٹ کر دیا گیا ہے ،ان فیصلوں سے پوری قوم صدمے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں اور فیصلوں کا احترام کرتے ہیں جبکہ مائنس نواز کے فارمولے پر کام کرنے والے 2018ء میں ناکام ہوں گے، نواز شریف پلس ہیں اور پلس ہی رہیں گے اور اس ملک میں نواز پلس فارمولے کے تحت ہی سیاست ہو سکتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر وہی ہو گا جس کو نواز شریف بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ احد چیمہ کی گرفتاری نیب نے جس انداز سے کی ہے وہ انتہائی قابل اعتراض ہے، نیب قانون کے مطابق پہلے انکوائری کی جاتی ہے اور ثبوت آنے کے بعد اس کو بورڈ میں پیش کیا جاتا ہے، جس کے بعد ریفرنس دائر کیا جاتا ہے، عدالت سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد ہی کسی کو گرفتار کیاجاتا ہے۔ احد چیمہ کو پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا گیا، اس وقت پنجاب میں تمام آفیسرز نے پنجاب حکومت کو وارننگ دی ہے کہ ایسی صورتحال میں کام نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ احد چیمہ کے بارے میں ان اینکر کی طرح بات کریں کہ اربوں کی کرپشن ہوئی ہے تو وہ غلط ہے،احد چیمہ نے ایک آبائی گھر بیچ کر زمین خریدی،اگر یہ کوشش ہو رہی ہے کہ پنجاب میں ترقیاتی کام کو روکا جائے تو ہم اس کے سامنے کھڑے ہوں گے۔ جبکہ نیب کے کردار کے حوالے سے پیر کو پنجاب اسمبلی کے ایوان میں قرار داد بھی پیش کریں گے ۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ میرٹ اور شفافیت کو ترجیح دی ہے، پنجاب حکومت کسی بھی کرپٹ افسر کی حمایت نہیں کرتی تاہم کیا نیب لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور تذلیل کرنے کے لیے ہے، اس معاملے کو وفاقی حکومت اور چیئرمنی نیب کے نوٹس میں لا رہے ہیں۔