یورپی یونین الیکشن کمیشن پاکستان میں آئندہ انتخابات ترمیم شدہ انتخابی قوانین کے مطابق کرانے میں کردار ادا کرے، آصف زرداری

آئندہ عام انتخابات ترمیم شدہ انتخابی قوانین کے تحت کرائے جانے ضروری ہیں ،مشن سے گفتگو

جمعرات 22 فروری 2018 22:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 22 فروری 2018ء) یورپی یونین الیکشن کمیشن پاکستان میں آئندہ انتخابات ترمیم شدہ انتخابی قوانین کے مطابق کرانے میں کردار ادا کرے۔ آٴئندہ عام انتخابات ترمیم شدہ انتخابی قوانین کے تحت کرائے جانے ضروری ہیں۔یہ باتیں ن پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے یورپین یونین کے ایک چھ رکنی مشن سے گفتگو کرتے ہہوئے کہیں۔

مشن کے ارکان نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی اور آئندہ انتخابات کے لئے الیکشن آبزرورز سے متعلق متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ مشن برسلز سے پاکستان آیا ہے تاکہ مختلف اسٹیک ہولڈروں سے انتخابات سے پہلے رابطہ قائم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس وفد میں اسلام آباد میں مقیم یورپین یونین کے سفیر فرام کو کوٹین کے علاوہ نیکولائی پاس مس این وین ہائوٹ، مس حنا رابرٹس، کلوم ونسنٹ، پیر مچل اور مس الیسا ٹسیلی شامل تھے۔

سابق صدر کی معاونت سید نیر حسین بخاری، سید نوید قمر، شیری رحمن اور فرحت اللہ بابر نے کی۔ وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ ملک میں متفقہ طور پر حال ہی میں انتخابی قوانین میں ترمیم کی گئی ہے تاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائے اب یہ ضروری ہے کہ انتخابات ان ترمیم شدہ انتخابی قوانین کے تحت کرائے جائیں۔

اس لئے اس مشن کا بہت اہم رول ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی اس مشن کو خوش آمدید کہتی ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ ان ترمیم شدہ انتخابی قوانین میں یہ بات تسلیم کی گئی ہے کہ الیکشن مانیٹرز کا اہم کردار ہے اور اس امید کااظہار کیا کہ یورپین یونین کے مانیٹرنگ مشن کے ساتھ ساتھ دوسرے مانیٹرینگ مشن بھی انتخابات کے دوران پاکستان آئیں گے اور اپنی رپورٹس پیش کریں گے۔ سابق صدر نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کو ا نہوں نے آراوز کے انتخابات قرار دیا تھا لیکن پارٹی نے جمہوری تسلسل کے لئے انتخابات کے نتائج تسلیم کر لئے تھے۔